راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں داخل
کانگریسی قائدین،کارکنوں اور عوام نے کیا شاندار استقبال
یاترا کو بریک،راہل گاندھی دہلی روانہ،کرشناندی بریج کا دلکش ویڈیو وائرل
حیدرآباد: 23۔اکتوبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)
سابق صدر کل ہند کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تمل ناڈو،کیرالا،کرناٹک اور آندھرا پردیش کا احاطہ کرنے کے بعد آج اتوار 23 اکتوبر کو ریاست تلنگانہ میں داخل ہوگئی۔راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کرناٹک کےضلع رائچور کے ایرمارس سےہوتےہوئے ریاست تلنگانہ کے نارائن پیٹ کے گڈابلور سے ریاست میں داخل ہوئی۔
کرناٹک میں اس بھارت جوڑو یاترا کا آخری حصہ رائچورضلع کاشکتی نگر رہا۔جہاں سے 6 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرکے یہ یاترا کرشنا ندی کے بریج پر سے چلتے ہوئے تلنگانہ میں داخل ہوگئی۔جس کا ڈرون سے مختلف زاویوں سے لیا گیا انتہائی دلکش ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
بھارت جوڑو یاترا کے تلنگانہ کی سرحد میں داخل ہونے پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان ملکاجگیری ریونت ریڈی،انچارج تلنگانہ کانگریس ورکن پارلیمان منی کنٹم ٹیگور کے علاوہ دیگر ریاستی پارٹی قائدین نے راہل گاندھی کا شاندار استقبال کیا۔
” کرشنا ندی بریج پر قافلہ کا ڈرون ویڈیو اور یاترا میں شریک ہجوم ”
قبل ازیں کرناٹک تلنگانہ پردیش کمیٹی کے صدر ڈی۔شیوا کمار نے اس یاترا کےدؤران تھامے رکھے جانے والے قومی پرچم کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کےحوالے کیا۔تلنگانہ میں داخل ہونےکے بعد راہل گاندھی کی پدیاترا نے چار کلومیٹر کا فاصلہ طئے کیا۔ہزاروں کانگریسی کارکنوں اور عوام نے راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا تلنگانہ میں خیر مقدم کیا اور اس پیدل یاترا میں حصہ لیا۔
آج صبح 9 بجےاس بھارت جوڑویاترا کو وقفہ کے لیے روک دیا گیا۔اب اس یاترا کا دوبارہ 27 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔اطلاعات کےمطابق دیپاولی کے پیش نظر راہل گاندھی مکتھل سےشمس آباد ایرپورٹ پہنچ کر دہلی روانہ ہونے والے ہیں۔اس دؤران 26,25,24 اکتوبر تک بھارت جوڑو یاترا کو وقفہ دیا جارہا ہے۔
نومنتخب صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملک ارجن کھرگے 26 اکتوبر کو اپنےعہدہ کا حلف لینے والے ہیں۔مانا جارہا ہے کہ راہل گاندھی اس تقریب میں شرکت کے بعد واپس تلنگانہ کے مکتھل پہنچیں گے اور 27 اکتوبر سے تلنگانہ میں دوبارہ بھارت جوڑو یاترا کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
یاد رہے کہ راہل گاندھی نےملک میں مہنگائی،بڑھتی مذہبی منافرت اور بیروزگاری کےخلاف 3,570 کلومیٹرطویل پیدل بھارت جوڑو یاترا کا 7 ستمبر کو کنیا کماری سے آغاز کیاتھا۔جس نےاب تک 1,200 کلومیٹر کا پیدل سفر طئے کرلیا ہے۔یہ یاترا اب تک ملک کی چار ریاستوں تمل ناڈو،کیرالہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے 16 اضلاع کا احاطہ کرتے ہوئے پانچویں ریاست تلنگانہ میں داخل ہوئی ہے۔
یہ قومی اور بین الاقوامی سطح کا پہلاپیدل طویل مارچ ہے۔اس بھارت جوڑویاترامیں حصہ لینے والے 120 کانگریسی قائدین اور کارکن 12 ریاستوں سے گزریں گے۔اور اس پیدل مارچ کے 150 دنوں کے سفر کا اختتام جموں وکشمیر میں ہوگا۔
اس بھارت جوڑو یاترا کو توقع سے زیادہ عوامی تائیدحاصل ہورہی ہے اور ان کےساتھ پیدل چلنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کی جانب سےجاری کردہ روڈ میپ کےتحت بھارت جوڑو یاترا 12 دنوں تک تلنگانہ میں 375 کلومیٹر کاپیدل احاطہ کرے گی۔اس دوران ریاست تلنگانہ کے 17 اسمبلی حلقوں اور 7 پارلیمانی حلقوں سے یہ یاترا گزرے گی۔
راہول گاندھی کی یہ بھارت جوڑو یاترا مکتھل سے دیور کدرہ،محبوب نگر ٹاؤن،جڑچرلہ،شادنگر،شمس آباد سےحیدرآباد میں داخل ہوگی۔آرام گھر، چارمینار،افضل گنج،معظم جاہی مارکیٹ، گاندھی بھون،نامپلی درگاہ یوسفینؒ،وجئے نگر کالونی،پنشن آفس،ناگ ارجناسرکل، پنجہ گٹہ،امیرپیٹ،کوکٹ پلی، میاں پور، پٹن چیروؤ،آؤٹر رنگ روڈ،متنگی سے سنگاریڈی پہنچے گی۔سنگاریڈی سے جوگی پیٹ اورشنکرم پیٹ سے گزرکر مدنور اور پھر مہاراشٹرا میں داخل ہوجائے گی۔اطلاعات ہیں کہ اس روڈ میپ میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔!