سعودی عربیہ /ریاض : 21 مارچ (ایجنسیاں/سحر نیوز ڈیسک)
ماہرین فلکیات کے مطابق چہارشنبہ 24 مارچ کو چاند عین خانہ کعبہ کے برابر اوپر آئے گا اور اس دلکش و خوبصورت قدرتی نظارہ کو عام آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔سعودی عرب کے ماہر فلکیات اور جدہ میں فلکیاتی اسوسی ایشن کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہراہ نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر اس وقت ظاہر ہوگا جب چاند مکہ معظمہ کی طرف جھکے گا۔
یہاں یہ تذکرہ لازمی ہے کہ چاند کا خانہ کعبہ کے اوپر اس طرح آنے کا یہ دلکش نظارہ جاریہ سال میں دوسری مرتبہ ہوگا۔اور وہ چاند کے زوال کا درمیانی لمحہ ہوگا۔

دوسرے فلکیاتی مظاہر کی بہ نسبت چاند اس وقت تیزی کے ساتھ حرکت کرتا اور اس کا رنگ تیزی سے بدلتا ہے۔ چوبیس گھنٹے میں چاند اوسطا چھ درجے کے حساب سے جھکتا ہے۔
چاند ایک سال میں12 مرتبہ زمین کے اطراف اپنا چکر لگاتا ہے مگر خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر کم ہی ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سعودی عرب کے ماہر فلکیات اور جدہ میں فلکیاتی اسوسی ایشن کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہراہ نے کہا کہ چہارشنبہ کو چاند مکہ مکرمہ کے افق پر دن کے 2 بجکر 18 منٹ پر آئے گا اور رات کو 9 بجکر 10 منٹ پر چاند عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔
اس وقت چاند کی اونچائی 89.9 اعشاریہ درجے پر ہوگی اور چاند کا رؤشن حصہ 79.9 اعشاریہ فیصد ہوگا۔ ابو زہراہ کا کہنا ہے کہ چاند اور سورج کا خانہ کعبہ کے عین اوپر آنا خانہ کعبہ شریف سے دوری پر رہنے والوں کے لیے خانہ کعبہ کی سمت کے تعین اور فلکیاتی حساب کتاب کو درست کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ چاندکا خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر جاریہ سال کا دوسرادلکش اور خوبصورت منظر ہوگاایسا ہی دلکش منظر 29 جنوری کو نظرآیا تھا۔

