طیارہ جیسلمیرایرپورٹ پر تین مرتبہ لینڈنگ میں ناکام،ایک گھنٹہ تک فضاء میں چکر لگانے کے بعد احمد آباد واپس
جئے پور/جیسلمیر 21۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
اسپائس جیٹ کا طیارہ راجستھان کے جیسلمیر ایر پورٹ پر تیکنیکی خرابی کے باعث لینڈنگ کی کوشش میں تین مرتبہ ناکام ہوکر زائد از ایک گھنٹہ تک جیسلمیر کی فضاؤں میں چکر لگانے کے بعد احمد آباد واپس لوٹ گیا۔اس واقعہ سے طیارہ میں سوار 44 مسافرین کے اؤسان خطا ہوگئے اور چند پریشان مسافر ان پریشان کن حالات سے گھبراکر رونے لگ گئے۔

تفصیلات کے بموجب 90 مسافرین کی گنجائش کا حامل اسپائس جیٹ کا طیارہ44 مسافرین کیساتھ احمد آباد-جیسلمیر پرواز کے تحت حسب معمول ہفتہ کی دوپہر 12-30 بجے جیسلمیر ایرپورٹ پہنچا پائلٹ نے لینڈنگ کی پوزیشن لی اور طیارہ تھوڑا نیچے لانے کے بعد اچانک اسے اونچائی پر لے گیااورمسافرین کو بتایا گیا کہ کچھ تیکنیکی وجہ کے باعث طیارہ کی لینڈنگ نہیں ہورہی ہے۔
جسکے بعد طیارہ میں سوار مسافرین کی دھڑکن تیز ہوگئی ان میں کئی ایک مسافر رونے لگ گئے ۔ پائلٹ نے تین مرتبہ جیسلمیرایرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تاہم ناکام ہی رہا جس کے بعد زائد از یک گھنٹہ تک طیارہ جیسلمیر شہرکی فضاؤں میں منڈلانے کے بعد بالآخر اس طیارہ کو گجرات کے احمد آباد واپس موڑدیا گیا۔
اس سلسلہ میں اسپائس جیٹ کے ترجمان نے بتایا کہ جیسلمیر ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دؤران طیارہکا اپروچ مستحکم نہیں تھا اسی وجہ سے طیارہ کی لینڈنگ نہیں ہوسکی اور طیارہ کو واپس احمد آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔
بعد ازاں اسی طیارہ کو شام 5 بج کر 22 منٹ پر بحفاظت جیسلمیر ایرپورٹ پرلینڈ کروایا گیا۔جس کے بعد اس طیارہ میں سوار تمام 44مسافرین ، طیارہ کا عملہ اور اسپائس جیٹ کے انتظامیہ نے راحت کی سانس لی۔