تانڈور میں سرکاری ملازمتوں کے امیدواروں کے لیے مفت کوچنگ سنٹر کا رکن اسمبلی، ضلع ایس پی اور ڈی ایس پی کے ہاتھوں افتتاح

تانڈور میں سرکاری ملازمتوں کے امیدواروں کے لیے مفت کوچنگ سنٹر کا
 رکن اسمبلی،ضلع ایس پی اور ڈی ایس پی کے ہاتھوں افتتاح

وقارآباد/تانڈور: 19۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ پانی،فنڈس اور تقررات کے ایجنڈے کے ساتھ حاصل کی گئی ریاست تلنگانہ کے عوام کو وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤعملی شکل دینے میں مصروف ہیں اور جی او نمبر370کے تحت ریاست میں 90 ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات عمل میں لائے جارہے ہیں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے ذاتی صرفہ سے مختلف سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے لڑکوں اور لڑکیوں کی رہنمائی اور تربیت کی غرض سے یہاں قائم ایک مفت کوچنگ سنٹر کا پیر کو رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس اور ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائناکے ساتھ مل کر تانڈور کے میٹروفنکشن ہال میں افتتاح انجام دیا۔

جس میں سرکاری ملازمتوں کے حصول کے خواہشمند لڑکوں اور لڑکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پران بیروزگار لڑکوں اور لڑکیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ اپنی بہتر صلاحیتوں اور اس مفت کوچنگ سنٹر سے بہتر طور پر استفادہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی تانڈور سے ایک ہزار سرکاری ملازمتوں کے حصول کو یقینی بنائیں۔

تین دن قبل رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے پوسٹر جاری کرتے ہوئے ان کی جانب سے تانڈور میں مفت کوچنگ سنٹر کے قیام کا اعلان کیا تھا امیدواروں سے درخواستیں طلب کی تھیں۔رکن اسمبلی کے قریبی ذرائع کے بموجب اب تک 930 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور یہ کوچنگ سنٹر 90 دنوں تک کارکرد رہے گا۔بتایا گیا ہے کہ اس کوچنگ سنٹر میں فی امیدوار دس ہزار روپئے خرچ ہوں گے۔جس کی مکمل ادائیگی رکن اسمبلی کررہے ہیں۔

اس کوچنگ سنٹر میں گروپ۔II ،گروپIII،گروپ IV،سب انسپکٹر،کانسٹیبلس،ٹیٹ اور ڈی ایس سی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

اس مفت کوچنگ سنٹر کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ ان کی کامیابی نوجوانوں کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہ نوجوان اگر ٹھان لیں تو ہر چیز کو ممکن بناسکتے ہیں اورسرکاری ملازمتوں پر تقررات کے آغاز سے قبل ہی تانڈور میں کوچنگ سنٹر کے قیام کا مقصد امیدواروں کو مکمل طور پر تربیت فراہم کرنا ہے۔تاکہ تانڈور کے نوجوانوں کو کوچنگ کے لیے حیدرآباد جاکر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ اس کوچنگ سنٹر کے لیے نوجوانوں کی رہنمائی اور کوچنگ کے لیےمشہور 25 سالہ قدیم ادارہ بھاگیہ کرن انسٹیٹیوٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ اس کے لیے ضلع ایس پی وقارآباد کوٹی ریڈی آئی پی ایس کا تعاون بھی حاصل ہے۔اور دو تین دنوں میں اس کوچنگ سنٹر کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔اس موقع پر رکن اسمبلی نے ضلع ایس پی سے خواہش کی کہ کوچنگ سنٹر پر پانچ ملازمین پولیس کومتعین کیا جائے جس پرضلع ایس پی نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کوچنگ سنٹر کے اوقات کار کے دؤران پولیس عملہ کو متعین کیا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےضلع ایس پی وقارآباد کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات میں ہزاروں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کیے جارہے ہیں۔ملازمتوں کے خواہشمند نوجوان لڑکوں اورلڑکیوں کوضلع ایس پی نے مشورہ دیا کہ وہ اس مفت کوچنگ سنٹر سے بہتر استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ اپنے حذف کو پوراکریں اور سرکاری ملازمتیں حاصل کریں۔

ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ بالخصوص لڑکیاں سرکاری ملازمتوں کو حاصل کرتے ہوئے خود مکتفی اور اپنے خاندانوں کا سہارا بنتے ہوئے معاشی خوشحالی حاصل کریں اور زیادہ سے زیادہ ملازمتوں کو حاصل کرتے ہوئے دیانتداری و ایمانداری کے ساتھ خدمات انجام دیں اور ضلع کا نام روشن کریں۔اس تقریب سے نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور دیپا نرسملو نے بھی خطاب کیا۔

اس کوچنگ سنٹرکےافتتاح کے موقع پرصدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اےنعیم افو،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،رکن بلدیہ مختار احمدناز ،ٹی آرایس قائدین راجو گوڑ،پٹلولا نرسملو،محمد ارشاد،محمد جاوید،امتیاز بابا کے علاوہ دیگر شریک تھے۔