نوجوان غلط عادتوں اور شوق سے دور رہیں، جسمانی طاقت عظیم نعمت، باڈی بلڈرس کی تہنیت، رکن اسمبلی تانڈورکا خطاب

نوجوان غلط عادتوں اور شوق سے دور رہیں،جسمانی طاقت عظیم نعمت
باڈی بلڈرس کی تہنیت،رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور:23۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی سالگرہ کے موقع پر سدی پیٹ ضلع کے گجویل ٹاؤن میں اسپورٹس اتھارٹی آف تلنگانہ اور تلنگانہ باڈی بلڈنگ اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ”دوسرے کے سی آرکپ 2022،مسٹرتلنگانہ باڈی بلڈنگ چمپئن شپ” مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے تانڈور کے ساکن شیخ واصف نے 90 کلو کے زمرہ میں دوسرا مقام اور سلور میڈل حاصل کرنے اور وقارآباد کے کونڈا بالا کرشنا ریڈی فنکشن ہال میں منعقدہ باڈی بلڈنگ مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے گولڈ میڈل اور مسٹر وقارآباد کا خطاب حاصل کئے جانے پر شیخ واصف کو اور وقارآباد میں منعقدہ باڈی بلڈنگ مقابلوں میں حصہ لینے والے تانڈور کے دیگر باڈی بلڈرس کو”الٹی میٹ فٹنس جم تانڈور”میں تہنیت پیش کی گئی۔

اس تقریب میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں شیخ واصف،دیگر باڈی بلڈرس اور الٹی میٹ فٹنس جم کے مالک و ٹرینر محمد اعجاز کو مبارکباد دی۔اس موقع پر رکن اسمبلی نے کہا کہ شیخ واصف کا ریاستی سطح پران مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرنا اور ساتھ ہی مسٹر وقارآباد خطاب کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کرنا شہریان تانڈور کے لیے باعث فخر اور دیگر نوجوانوں کے لئے ایک مشعل راہ ہے۔

اس موقع پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ بہتر جسمانی طاقت خدا کی ایک نعمت ہوتی ہے۔جس کی حفاظت کرتے ہوئے ذہنی طور پر بھی چست اور تندرست رہا جاسکتا ہے۔پائلٹ روہت ریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نشیلی ادویات،تمباکو، سگریٹ،گٹکھا،شراب نوشی اور دیگر غلط شوقوں سے دور رہیں اس سے سوائے جسمانی اور ذہنی بربادی کے کچھ اور حاصل نہیں ہوتا کیونکہ نوجوان اس ملک اور قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔

اس تقریب میں شیخ واصف اور دیگر باڈی بلڈرس کو شال و گلپوشی اور یادگار مومنٹو پیش کرتے ہوئے ان کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں اور غلط شوقوں سے خود کو دور رکھتے ہوئے اپنی صحت کو بہتر طور پر قائم رکھیں۔

اس تقریب میں نعمت اللہ شریف،صدر ٹاؤن ٹی آرایس ایم اے نعیم افو،ٹی آرایس قائدین ڈاکٹر سمپت کمار،راجوگوڑ،شاہی پورنرسملو،الٹی میٹ فٹنس جم تانڈور کے مالک و ٹرینر محمد اعجاز،سابق امیر مقامی جماعت اسلامی ہند سراج صمدانی،فزیو تھراپسٹ محمد معراج،متین، امباداس،سعادت،ڈاکٹر نریش،خلیل اللہ شریف کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

الٹی میٹ جم تانڈورکے مالک وٹرینر محمد اعجاز احمد نے اس موقع پر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو بتایا کہ ان کی جم کے دیگر 11 تربیت یافتہ باڈی بلڈرس نے وقارآباد میں منعقدہ باڈی بلڈنگ مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔جن میں سے سری کانت نے بھی گولڈمیڈل حاصل کیا۔جبکہ مشتاق اور فضل نے سلور میڈل،نہال اور سریندر نے برونز میڈل،عبیداللہ شریف،سعد اللہ شریف اور نوید شہری نے چوتھا مقام حاصل کیا۔وہیں جسمانی طور پر معذور ایشور نے دس ہزار روپئے نقد رقم بطور انعام حاصل کیا ہے۔

رکن اسمبلی نے ان تمام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں یادگار مومنٹوز حوالے کیے اورتیقن دیا کہ مستقبل میں یہاں نوجوانوں کی مدد کے لیے وہ ہمیشہ تیار رہیں گے اور ایسے صحت مند مقابلوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔