حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی کے اقدامات میں مصروف
ہنمکنڈہ میں مینارٹیز کمیونٹی گارمنٹس پروڈکشن اینڈ ٹریننگ سنٹر کا افتتاح
چیف وہپ ونئے بھاسکر، چیئرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن امتیاز اسحاق کا خطاب
ورنگل : 4۔اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے زیر اہتمام تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹی فینانس کارپوریشن کے تعاون سے کمہار پلی مارکٹ ہنمکنڈہ میں موجود مسلم گرلز ہاسٹل کی عمارت میں” مینارٹیز کمیونٹی گارمنٹس پروڈکشن اینڈ ٹریننگ سنٹر ” کا گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر اور چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹی فینانس کارپوریشن جناب محمد امتیاز اسحاق نے افتتاح انجام دیا۔
صدرمسلم ویلفیئرسوسائٹی ورنگل جناب محمدعبدالکلیم کی صدارت میں منعقدہ خواتین کے ایک بڑے اجتماع سےخطاب کرتےہوئے چیئرمین مینارٹی فینانس کارپوریشن جناب امتیاز اسحاق نےکہاکہ کانگریس نے اپنے گزشتہ 50 سالہ حکومت میں مسلمانوں کو تباہ کردیاہے۔کبھی مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے بی آر ایس حکومت نے چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤ جو کہ سیکولر وزیراعلیٰ ہیں کی مدبرانہ قیادت میں ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کی معاشی،تعلیمی اور سماجی پسماندگی کو ختم کرنے کی غرض سے متعدد فلاحی اسکیمات کو روبہ عمل لایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شادی مبارک اسکیم کےتحت غریب ومستحق لڑکیوں کی شادی میں 1 لاکھ 116 روپئے فراہم کیے جاتے ہیں جو غریب والدین کے لیے ایک سوغات سے کم نہیں۔
جناب امتیاز اسحاق نے اپنےخطاب میں کہاکہ مسلم بچوں اور بچیوں کومعیاری اور کارپوریٹ سطح کی تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے وزیراعلیٰ کے سی آر نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹمریز کے تحت ریاست میں 204 اقلیتی اقامتی اسکولوں اور کالجوں کا جال بچھایا، جہاں ایک طالب علم پر 1 لاکھ 20 ہزار روپئے خرچ کیے جارہے ہیں۔جن میں ہزاروں طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں اعلی تعلیم حاصل کرنے لیے اقلیتی طلبہ کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے 20 لاکھ روپئے فراہم کیے جارہے ہیں۔

چیئرمین مینارٹی فینانس کارپوریشن جناب امتیاز اسحاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقلیتوں کے معاشی استحکام کے لیے بی آر ایس حکومت ایک لاکھ روپئے کا قرض فراہم کررہی ہے جو قابل واپسی نہیں ہے۔اسی طرح ریاست تلنگانہ کے آئمہ و موذنین کو ہدیہ کے طور پر ماہانہ 5 ہزار روپئے جاری کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خواتین کوخود مکتفی بنانے اور روزگار کا ذریعہ فراہم کرنے،اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد کرنے کی غرض سے ٹیلرنگ مشین فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نےہنمکنڈہ حلقہ کے لیے 200 ٹیلرنگ مشین اورمزید 100 مشین فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چیف وہپ ونئے بھاسکر نے کہاکہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی کے لیے پابند عہد ہے۔انہوں نے مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کی فلاحی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مسلم ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے کئی ایک فلاحی کاموں کو انجام دیا جارہا ہے جو قابل تعریف ہے۔انہوں نے اس موقع پر دفتر کی عمارت کی اوپری منزل کی تکمیل کےلیے اپنی جانب سے 10 لاکھ روپئے فراہم کرنے کا اعلان کرتےہوئے کہا کہ اس ٹریننگ سنٹر کے لیے ٹمریز کے اسکولوں اور خانگی اسکولوں کے یونیفارمس کی سلوائی کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔

چیف وہپ ونئے بھاسکرنے کہاکہ یہ ٹیلرنگ مشینیں عصری ٹکنالوجی سےلیس ہیں جو مینارٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سےمسلم ویلفیئر سوسائٹی کو فراہم کی گئی ہیں تاکہ خواتین ٹیلرنگ سیکھ کر خودمکتفی بن سکیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نےمسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی اقدامات نہیں کیےتھے،ہمیشہ مسلمانوں کو صرف ایک ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا۔لیکن بی آر ایس حکومت تمام طبقات کے ساتھ اقلیتوں کی مساوی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات میں مصروف ہے۔
اس موقع پرمحمد عزیز خان چیئرمین ڈسٹرکٹ لائبریری،محمد عبدالقدوس،محمدنعیم الدین،محمد قادر محی الدین این آر آئی،درشن سنگھ،چنا مدھو کارپوریٹر کے علاوہ سید عبدالماجد نائب صدر،محمد سراج احمد معتمد،خیرالناصرین ناصر واحد شریک معتمد،مرزا حسن چشتی خازن،محمدکلیم سبحان،صفدربابا،محمد افتخارالدین،خواجہ معین الدین،خواجہ اسلم محی الدین،محمد انورعلی،سید عبدالعلیم،محمدسلیم احمد،محمد عبدالباری معتمد مسلم ویلفیئر سوسائٹی جدہ اور دیگر ذمہ داران شہ نشین پر موجود تھے۔محمدسراج احمد معتمدمسلم ویلفیئرسوسائٹی نے مہمانوں کااستقبال کیا اور افتتاحی کلمات پیش کیے۔اس موقع پر خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

” یہ بھی پڑھیں "
https://www.youtube.com/watch?v=KjBeDbj-b68
https://www.youtube.com/watch?v=tv5DyuPPH60&t=476s


