مغربی بنگال: انٹرسٹی ایکسپریس میں دو مسافرین کے درمیان بحث
نوجوان کو ساتھی مسافر نے چلتی ٹرین کے باہر پھینک دیا
کولکاتہ: 17۔اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
مغربی بنگال میں ہوڑہ۔مالدہ انٹرسٹی ایکسپریس میں ایک غیر انسانی اور حیوانیت پرمشتمل ناقابل یقین واقعہ پیش آیا ہے۔اس انٹرسٹی ایکسپریس میں دو مسافرین کے درمیان کسی مسئلہ پر جھگڑا ہوا دونوں کےدرمیان دھکم پیل کے بعد ان میں سے ایک شخص نے بحث کررہے نوجوان کو چلتی ٹرین سے باہر پھینک دیا۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔
میڈیا اطلاعات کےمطابق یہ واقعہ ہفتہ کی رات مغربی بنگال کےبیربھوم ضلع کے تاراپیتھ روڈ اور رام پور ہاٹ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیاہے۔ریلوے پولیس کےعہدیداروں نے کل اتوار کو بتایا کہ ہوڑہ۔مالدہ انٹرسٹی ایکسپریس میں ایک ساتھی مسافر کی جانب سے جھگڑے کےبعد چلتی ٹرین سے باہر ڈھکیل دینے کے باعث ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔اور اس معاملہ میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ساتھ ہی گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کو شبہ ہے کہ اس جرم میں چند دوسرے مسافر بھی شامل تھے۔
#MamataBanerjee #NarendraModi#AmitShah
Howrah to malda intercity Express at yesterday 7:57 pic.twitter.com/hv64rfy6WS— Sandeepkumar (@sandeeplahoti29) October 16, 2022
گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کےعہدیدار نے بتایا کہ ہوڑہ۔مالدہ انٹرسٹی ایکسپریس سےجس نوجوان کو باہر پھینکا گیا اس کا نام سجل شیخ (25 سالہ)ہے۔اورسجل شیخ کو زخمی حالت میں پٹریوں سے بچالیا گیا۔اور اس نوجوان کو رامپورہاٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں داخل کروایا گیا ہے۔جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع ایک اور مسافر نے ٹرین سے اترنے کے بعد مرارے پولیس کو دی۔
سنڈی پور گاؤں کےرہنے والے سجل شیخ نے ہسپتال میں پولیس کوبیان دیاہے کہ وہ سینتھیا سے ٹرین میں سوار ہوا تھا۔سجل شیخ نےریلوے پولیس کو دئیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ہوڑہ۔مالدہ انٹرسٹی ایکسپریس میں ساتھی مسافروں کی جانب سے اس کے ساتھ بدسلوکی اور گالی گلوچ پر احتجاج کیا تو پہلے اسے مارا پیٹا گیا پھر ایک شخص نے اسے چلتی ٹرین سے باہر پھینک دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ایک منٹ 49 سیکنڈ کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چلتی ٹرین میں ٹرین کے دروازہ کے قریب موجود سیٹ کے پاس دو افراد کسی مسئلہ پر گتھم گتھا ہیں۔ان میں سے ایک نوجوان تنہا سفر کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔جبکہ اس سے جھگڑنےوالے شخص کے ساتھ دیگر ساتھی یا افرادخاندان موجود ہیں۔!ٹرین میں زیادہ مسافربھی موجود نہیں ہیں۔
وہ شخص پہلے اس نوجوان پر حاوی ہوکر اسے ٹرین کی بوگی سےلگاکر اس کا گلا دباتا ہے پھر چھوڑکر اپنی نشست پر آکر اپنے ساتھیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بیٹھ جاتا ہے،اور اپنا موبائل فون شرٹ کی جیب میں رکھ دیتا ہے۔پھر اس نوجوان اور اس شخص کے درمیان کچھ بحث ہوتی ہے۔
جس کےبعد وہ شخص سیٹ سے اٹھ کر اس نوجوان تک پہنچ جاتاہے دونوں میں بحث ہوتی ہے۔نوجوان خاموش رہ کر سنتا ہے۔اس کے بعد برہم نوجوان کے اس شخص کو ایک تھپڑ مارنے کے فوری بعد وہ شخص اس نوجوان سے گتھم گتھا ہوجاتا ہے۔پھر دونوں میں دھکم پیل ہوتی ہے۔
اسی دؤران وہ شخص چلتی ٹرین کے دروازہ سے جو کہ پہلے ہی سے کھلا ہوا ہی تھا باہر پھینک دیتا ہے۔اور واپس آکر اپنے ہونٹ اور پیشانی کا انگلی سے بوسہ لیتے ہوئے اپنی سیٹ پر اس انداز میں بیٹھ جاتا ہے کہ کوئی بڑا واقعہ ہوا ہی نہ ہو!!
اس ویڈیو میں غور سے دیکھا جاسکتا ہے کہ خوش قسمتی کی بات یہاں یہ ہے کہ اس حیوان نما شخص نے اس نوجوان کو اس وقت چلتی ٹرین سے باہر نہیں پھینکا جب چند سیکنڈ قبل ہی اس ٹرین کے بازو سے ایک اور تیز رفتار ٹرین گزر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں :-
چلتی ٹرین کی کھڑکی سے موبائل فون چرانے کی کوشش،مسافروں نے چور کے دونوں ہاتھ پکڑ کر دس کلومیٹر تک کھڑکی کے باہر لٹکادیا۔