تانڈور کی انڈیا سمنٹ فیکٹری کے قریب اشیا کی رقم طلب کرنے پر کرانہ دُکان مالک کا قتل
کمپنی کا ویلڈر بہار کا ساکن نوجوان گرفتار،سرکل انسپکٹر پولیس کی پریس کانفرنس
وقارآبا؍تانڈور:07۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور منڈل کے ملکاپور میں موجود انڈیاسمنٹ فیکٹری کے قریب کل ملکاپور کے ساکن ایم۔رامپا 55سالہ کواس کی چھوٹی سی کرانہ دُکان و چائے ڈبہ پر قتل کردیاگیا تھا۔اس سلسلہ میں کرنکوٹ پولیس نے تحقیقات انجام دیتے ہوئے دوسرے ہی دن اس قتل میں ملوث ایک بہار کے متوطن نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے جو کہ انڈیا سمنٹ میں ملازمت کرتا ہے۔
سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور (رورل) جلندر ریڈی نے آج پریس کانفرنس میں اس نوجوان کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انڈیا سمنٹ لمیٹیڈ فیکٹری میں دہلی کا رہائشی پرنس 20سالہ گزشتہ 15 دنوں سے لیبر اور ویلڈر کا کام کررہا تھا جو کہ بہار کا متوطن ہے۔

وہ کمپنی کے دیگر ملازمین کے ساتھ کمپنی کے قریب موجود ایم۔رامپا کی کی کرانہ دکان اور چائے کے ڈبہ پر آیا کرتا اور وہاں سے سگریٹ،گٹکھے اور شراب لیا کرتا تھا۔
کل صبح بھی پرنس رامپا کی دکان پر پہنچا اور اس نے شراب کے ساتھ سگریٹ اور دیگر اشیاء خریدیں اس وقت دکان میں رامپا تنہا تھا۔پرنس نے ملپا کوصرف شراب کی رقم 120 روپئے حوالے کی تو رامپا نے کہا کہ سگریٹ اور دیگر اشیاء کی رقم بھی دی جائے۔پرنس نے کہا کہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں بعد میں ادا کرے گا تاہم دکان مالک رامپا بضد تھا کہ رقم ابھی ادا کی جائے۔
جس پر پرنس برہم ہوگیا اور عقب سے دکان میں داخل ہوکر اپنے ہاتھوں سے رامپا کا گلا دبانے لگا اور وہاں موجود لوہے کے راڈ سے رامپا کے سر، گردن اور پیروں پر شدید ضربات پہنچائے جس سے جائے مقام پر ہی رامپا کی موت واقع ہوگئی۔
اس کے بعد پرنس اس دُکان سے سگریٹ کی نصف درجن پیاکٹس،شراب کی بوتلیں اور لوہے کا راڈ جس سے رامپا کا قتل کیا تھا اپنے ساتھ لے کر چلا گیا اور انہیں لیبررومس کے عقب میں موجود درختوں میں چھپاکر فرار ہوگیا۔
سرکل انسپکٹر جلندرریڈی نے بتایا کہ شبہ کی بنیاد پر پولیس کل سے ہی پرنس پر نظر رکھی ہوئی تھی اور اسے آج وقارآباد کے ریلوے اسٹیشن میں تحویل میں لے کر تفتیش کی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔
سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور(رورل) جلندر ریڈی نے بتایا کہ پرنس کو آج ہی عدالتی تحویل میں روانہ کردیاگیا۔اس پریس کانفرنس میں سب انسپکٹر پولیس کرنکوٹ ایڈو کونڈالو اور دیگر موجود تھے۔
دوسری جانب رامپا کے قتل کا ملزم پرنس دہلی کا رہائشی بتایا گیا ہے جو کہ بہار کے جموئی ضلع کا متوطن ہے۔پرنس دہلی میں ویلڈنگ کا کام کیا کرتا تھا وہاں سے 6 ماہ قبل تلنگانہ کے سوریہ پیٹ منتقل ہوکر ناگارجنا سمنٹ کمپنی میں ویلڈر کی ملازمت کرنے لگا تھا۔تین ماہ قبل راکھی تہوار کے لیے پرنس دہلی گیا تھا تاہم واپس آنے کے بعد اس کی ملازمت چلی گئی تھی اور وہ سوریہ پیٹ میں لیبر کا کام کرنے لگا تھا۔
ساتھی مزدوروں کے ساتھ پندرہ دن قبل ہی وہ تانڈور آیا تھا اور انڈیا سمنٹ لمیٹیڈ فیکٹری،ملکاپور میں ویلڈر اور لیبر کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔

