کیرالا کا کافی شاپ چلانے والا ضعیف جوڑا
امریکہ،برطانیہ،نیوزی لینڈ،سوئزرلینڈ،فرانس،جرمنی اور برازیل گھومنے کے بعد
اب 21 اکتوبر سے بیرون ممالک کے 26 ویں دؤرہ کے لیے تیار

کیرالا/کوچی:08۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام؍خصوصی رپورٹ)
زیادہ تر افراد کا شوق سفر اور سیر و تفریح کرنا ہوتا ہے بہت کم افراد ایسے ہوتے ہیں جنہیں سفر اور سیر وتفریح کا شوق نہیں ہوتا۔
ماہرین بالخصوص ماہرین نفسیات کہتے ہیں کہ کم ازکم سال میں ایک مرتبہ سفرکرنے اور سیر و سیاحت کے لیے جانے سے انسانی دل و دماغ پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر بیرون ممالک سیاحت کے لیے جانا ممکن نہیں تو اپنے ہی ملک کے سیاحتی علاقوں پر جانے سے دماغی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے اور دماغ پہلے سے زیادہ فعال ہوجاتا ہے۔
سیر و تفریح سے شدید ذہنی دباؤ کے شکار شخص کے ڈپریشن میں 80 فیصد سے زائد کمی آجاتی ہے نئے مقامات اور نئی جگہوں کو دیکھنے اور نئے نئے لوگوں سے ملاقات ڈپریشن کو ختم کرتا ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاحت کے لیے جانے والوں میں امراض قلب بھی کم ہوتے ہیں۔وہیں سیر وتفریح کے ذریعہ جتنے زیادہ تجربات حاصل کیے جاتے ہیں اس سے انسان کے خوف میں کمی بھی ہوتی ہے۔

تخلیقی صلاحیتوں کے مالک افراد میں سیاحت کے ذریعہ مزید صلاحیتوں کا اضافہ بھی ہوتا ہے۔ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سفر و سیاحت سے مشکلات کا سامنا کرنے کی قوت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مصائب و مشکلات کا سامنا کرنے کی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے۔
وہیں ماہرین کے مطابق اپنے خاندان یا دوست واحباب کے ساتھ سفر و سیاحت کرنے سے اس پورے سفر و سیاحت کے دؤران ان میں محبت،خلوص،اپنا پن پیدا ہوتا ہے اور وہ رشتوں کو نبھانے میں پہلے سے زیادہ فعال ہوجاتے ہیں۔
یہ تو تھے ماہرین کے صلاح و مشورہ!
آئیے اب آپ کو کیرالا کے ایک ایسے ضعیف جوڑے سے ملاتے ہیں جو اب تک ہندوستان سے باہر 25 بیرون ممالک کا دؤرہ کرچکا ہے اور اب بیرون ممالک کے 26 ویں دؤرہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

ایسا بھی نہیں ہے کہ یہ کوئی کروڑ پتی یا مالدار جوڑا ہے یا پھر اپنے بزنس ٹرپ کی غرض سے ممالک کا دؤرہ کرتاہے ایسا بھی نہیں ہے کہ یہ جوڑا بیرون ممالک میں موجود اپنے بچوں سے ملنے کی غرض سے جاتا ہے۔
یہ 70 سالہ جوڑا ہے جن کا تعلق کیرالا کے کوچی سے ہے۔
کے آر وجین 71 سالہ اور ان کی بیوی موہنا 69 سالہ کوچی میں سلیم راجن روڈ، گاندھی نگر میں”سری بالاجی کافی شاپ” چلاتے ہیں جسے اس جوڑے نے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی شادیوں کی ذمہ داریوں سے آزادی کے بعد 27 سال قبل یعنی 1994ء میں قائم کیا تھا۔

کے آر وجین اور موہنا کی شادی 1964 میں ہوئی تھی اور تب سے یہ دونوں سیر و سیاحت کے شوقین ہیں۔
اپنے اس شوق کی تکمیل کے لیے اس جوڑے نے رقم جمع کرنے کی غرض سے اپنی کافی شاپ قائم کی اس کافی شاپ سے روزآنہ زائداز 500 گاہک استفادہ کرتے ہیں جہاں کافی کے ساتھ ساتھ ناشتہ،اسناکس اور پھل بھی فروخت کیے جاتے ہیں جس سے اس جوڑے کو اچھی آمدنی ہوجاتی ہے۔
اس جوڑے نے سیر وسیاحت کے اخراجات جمع کرنے کی غرض سے ایک اصول اپنالیا کہ روزآنہ 300 روپئے الگ جمع کیے جائیں اور سال میں ایک مرتبہ غیر ممالک کی سیاحت پر جایا جائے۔
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کے آر وجین اور ان کی بیوی موہنا اب تک 25 ممالک کی سیر و تفریح کرچکے ہیں
جن میں برطانیہ، فرانس، آسٹریا، متحدہ عرب امارات، نیوزی لینڈ، جرمنی، آسٹریلیا، امریکہ، برازیل،اسرائیل،چین،سنگاپور اور سوئزرلینڈ کے علاوہ دیگر ممالک شامل ہیں۔سوئزرلینڈ،سنگاپور اور نیویارک ان کے پسندیدہ مقامات ہیں۔

کے آر وجین اور ان کی بیوی موہنا نے سیاحت کی غرض سے 2007ء میں اپنا پہلا بیرون ملک دؤرہ مصر کا کیا تھا
یہ جوڑا جس کسی ملک کا دؤرہ کرتا ہے وہاں کے پوسٹرس اور یادگار تصاویر کو اپنی کافی شاپ میں آویزاں کرتا ہے۔
اس جوڑے کا کہنا ہے کہ اپنے خوابوں اور خواہشات کی تکمیل کے لیے ایک جنون کا ہونا اور اپنے دل کی بات کو ماننا لازمی ہے اور اس دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔
اس جوڑے کے بیرون ممالک سیاحت کے شوق اور خواہش کی اطلاع عام ہوئی تو 2019ء میں مہندرا گروپ کے چیئر مین آنند مہندرا نے اس جوڑے کو پیشکش کی کہ ان کی جانب سے ان کے سفر کے اخراجات ادا کرتے ہوئے انہیں اسپانسر کیا جائے گا۔

آرکے وجین اور ان کی بیوی موہنا نے ڈسمبر 2019ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا آخری سیاحتی سفر کیا تھا۔اس کے بعد سال 2020 کے آغاز میں پوری دنیا میں کوویڈ وبا کا آغاز ہوا جس کے باعث بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
اب جبکہ کوویڈ وبا کا زور کمزور پڑچکا ہے اور بین الاقوامی سفر پر سے پابندیاں بھی ہٹالی گئی ہیں تو ان کےمستقل ٹراویل ایجنٹ نے ان سے کہا کہ بیرون ممالک سفر کا آغاز ہوگیا ہے تو انہوں نے فوری کہا کہ پہلے ان کے ناموں کا اندراج کرلیا جائے۔

آر کے وجین اور ان کی بیوی موہنا اپنے بیرون ممالک کے 26 ویں سفر کے لیے اپنے سفری بیاگ تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
یہ دونوں 21 اکتوبر کو بیرون ممالک سفر پر روانہ ہونے والے ہیں اور اب وہ روس جائیں گے۔انہیں امید ہے کہ وہ اپنے اس دؤرہ کے موقع پر صدر روس ولادمیر پوٹین سے ملاقات کریں گے۔
کے آر وجین نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا یہ دؤرہ ایک ہفتہ کا ہوگا اور وہ 28 اکتوبر کو ملک واپس آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب اس سفر کے دؤران ان کے ساتھ ان کے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں بھی ہوں گے۔

