بالآخر 18 ہزار کروڑ میں ایر انڈیا کو ٹاٹا گروپ نے حاصل کرلیا
سرکاری طورپر تصدیق، 68 سال بعد ایرانڈیا دوبارہ ٹاٹا گروپ کے ہاتھ میں
نئی دہلی: 08۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام؍ایجنسیز)
ملک کی قدیم اور ممتاز ایرلائن ایرانڈیا کی فروخت کا معاملہ سرکاری طور پر مکمل ہوگیاہے بالآخر ٹاٹاسنس گروپ نے اپنی بولی کے ذریعہ ایرانڈیا کو حاصل کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ ایرانڈیا کی خریدی کے لیے ٹاٹا گروپ اوراسپائس جیٹ نے بولی لگائی تھی اور کھلی بولی کے ذریعہ ٹاٹا گروپ نے ایر انڈیا کو حاصل کرلیا ہے۔
ایرانڈیا کے حصول کے بعد مسٹر رتن ٹاٹا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک مکتوب جاری کیا ہے۔
اس سلسلہ میں سیکریڑی محکمہ شہری ہوابازی توہین کانتا پانڈے نے سرکاری طور پر آج اس کا اعلان کیا ہے۔
اس طرح اب ایرانڈیا مکمل طورپر ٹاٹا سنس گروپ کے زیر انتظام رہے گا۔حکومت نے بتایا کہ ایرانڈیا کی خریدی کے لیے ٹاٹا گروپ نے 18,000 کروڑ کی بولی لگائی تھی جبکہ اسپائس جیٹ نے 15،100 کروڑ کی بولی لگائی تھی۔
ایرانڈیا میں ٹاٹا سنس گروپ کی صد فیصد حصہ داری کے بعد مرکزی حکومت کا اب ایر انڈیا پر کوئی حق نہیں رہے گا۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کے اثاثوں کی فروخت کا یہ سب سے بڑا معاملہ ہے۔ 60 ہزار کروڑ کے قرض کی حامل ایرانڈیا کے پاس 127 جہاز ہیں اور فی الوقت ایرانڈیا 42 انٹرنیشنل فلائٹس چلاتا ہے۔اب ایرانڈیا حکومت ہند کی ملکیت نہیں رہی۔
اب جبکہ ٹاٹا گروپ کو ایر انڈیا کی صد فیصد حصہ داری مل گئی ہے وہیں ٹاٹا گروپ پہلے سے ہی ایرایشیا میں 84 فیصد اور وستارا ایرلائنس میں 51 فیصد حصہ داری رکھتا ہے۔
اس طرح اب یہ کہا جاسکتا ہے کہ ہندوستان میں ہوابازی کے شعبہ میں ہندوستانی کمپنی ٹاٹا گروپ جو کہ ہر شعبہ میں اپنا پاک و صاف ریکارڈ رکھتی ہے کی اجارہ داری ہوگی۔
آج جب سرکاری طور پر تصدیق کی گئی کہ ایرانڈیا کو ٹاٹا گروپ نے حاصل کرلیا ہے تو شہریوں کی بڑی تعداد سوشل میڈیا کے ذریعہ طمانیت اور خوشی کا اظہار کررہی ہے کہ ایر انڈیا بالکل سہی ہاتھوں میں پہنچا ہے۔
دوسری جانب ایر انڈیا کی تاریخ دیکھی جائے تو ملک کی آزادی سے قبل 1946 میں قائم کی گئی ٹاٹا ایرلائنس کو ایر انڈیا میں تبدیل کردیا گیا تھا۔
آزادی کے بعد مرکزی حکومت نے ایر انڈیا میں 49 فیصد حصہ داری لی تھی بعدازاں 1953 میں اسے قوم کے نام معنون کیا گیا تھا۔
اب حالیہ دنوں میں موجودہ مرکزی حکومت نے ایرانڈیا میں اپنی صد فیصد حصہ داری واپس لے لی تھی۔
جاریہ سال ڈسمبر تک ایر انڈیا کو مکمل طور پر ٹاٹا سنس گروپ کے حوالے کردیا جائے گا اس طرح 68 سال بعد ایرانڈیا دوبارہ ٹاٹا گروپ کے ہاتھ میں آجائے گا۔
مرکزی حکومت نے اس سے قبل خسارے میں چل رہے ایر انڈیا کو فروخت کرنے کی کوشش کی تھی مارچ 2018ء میں مرکزی حکومت نے ایرانڈیا کے 76 فیصد شیئرس کو فروخت کرنے کافیصلہ کیا تھا تاہم اس وقت کوئی بھی کمپنی اسے خریدنے کے لیے آگے نہیں آئی تھی۔

تاہم اب ٹاٹا سنس اور اسپائس جیٹ نے اس کے لیے بولیاں لگائی تھیں اور ان بولیوں میں ٹاٹاسنس گروپ نے بازی مارلی اس طرح زبردست خسارے میں موجود ایرانڈیا اب ٹاٹا سنس گروپ کے ہاتھوں میں پہنچ گیا ہے۔

