مہاراشٹرا میں کل14اپریل سے یکم مئی تک مختلف سخت پابندیاں: چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

    مہاراشٹرا میں کل14اپریل سے یکم مئی تک مختلف سخت پابندیاں: چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے

ممبئی : 13۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے آج رات کہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس معاملات میں زبردست اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاست مہاراشٹرا میں کل 14 اپریل سے کئی ایک سخت پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔

چیف منسٹر مہاراشٹرا اُدھو ٹھاکرے۔

چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے اعلان کیا ہے کہ کل 14 اپریل کی رات 8 بجے سے ریاست میں 15 دنوں کیلئے یکم مئی کی صبح 7 بجے تک یہ پابندیاں نافذ رہیں گی۔اس دؤران عوامی ادارے ادارے اورعوامی مقامات بند رہیں گے تمام سرگرمیوں پر پابندی رہے گی تاہم اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت بلا روک ٹوک جاری رہے گی۔
حکومت مہاراشٹرا نے یہ فیصلہ کوویڈ کے بڑھتے واقعات کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔مہاراشٹرا میں چند دنوں سے روزآنہ 50,000سے زائد کیس درج ہورہے ہیں۔

وہیں لوکل ٹرینس اور بس سرویس صرف اشیائے ضروریہ کی منتقلی اور ضروری کاموں کیلئے ہی چلائی جائیں گی۔ تاہم پٹرول بنکس ، SEBI سے منسلک معاشی ادارے اور تعمیراتی کام جوں کے توں جاری رکھے جائیں گے۔ہوٹلس اور ریسٹورنٹس بند رکھے جائیں گے تاہم غذائی اشیاء کی ہوم ڈیلیوری کی سہولت دی جائے گی۔

حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے عائد کردہ ان سخت پابندیوں کے دؤران سینماہالس ،سینما تھیٹرس بند رہیں گے، فلموں اور اشتہارات کی شوٹنگ روک دی جائے گی۔ساتھ ہی اشیائے ضروریہ فروخت نہ کرنے والے مالس ،شاپنگ سنٹرس بھی کل 14 اپریل کی رات 8 بجے سے یکم مئی کی صبح 7بجے تک بند رکھے جائیں گے۔

چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ موجودہ حالات ڈراؤنے ہیں جبکہ ڈسمبر تک اس وبا پر قابو پانے میں ڈاکٹرس ، طبی عملہ کا تعاون قابل ستائش تھا انہوں نے کہا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے باعث میڈیکل سہولتوں پر زبردست دباؤ پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں تیار کیا جانے والا آکسیجن صرف طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے انہوں نے قبول کیا کہ ریاست کے ہسپتالوں میں بستروں اور جان بچانے والی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ کورونا وائر س متاثرین کی تعداد اور اموات کے معاملہ میں ریاست مہاراشٹرا ملک کی سب زیادہ متاثرہ ریاست بن گئی ہے چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ضرورت شدید ہے کہ کورونا وائر س کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اس زنجیر کو توڑنے کی ضرورت ہے۔

اسی دؤران چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کریں گے کہ مہاراشٹرا کو انڈین ایر فورس کی خدمات فراہم کی جائیں تاکہ پڑوسی ریاستوں سے طبی علاج کیلئے آکسیجن سیلنڈرس حاصل کیے جاسکیں۔

ریاستی وزیر اسلم شیخ نے کہا ہے کہ اگر متاثرین کی تعداد کم ہوتی تو ہم اس لاک ڈاؤن سے بچ سکتے تھے تاہم عوام اس سلسلہ میں ہرگز خوف کا شکار نہ ہوں مہاراشٹرا حکومت ہر کسی کی جان کے تحفظ کیلئے تمامتر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے