کوویڈ کی دوسری لہرپھیلانے کیلئے الیکشن کمیشن ذمہ دار، قتل کا مقدمہ درج کیا جائے:مدراس ہائیکورٹ کا سخت موقف

Photo Courtesy: Live Law
کوویڈ کی دوسری لہرپھیلانے کیلئے الیکشن کمیشن ذمہ دار،قتل کا مقدمہ درج کیا جائے: مدراس ہائیکورٹ کاسخت موقف

چنئی:26۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

مدراس ہائیکورٹ نے آج انتہائی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی جاریہ دوسری لہر پھیلانے کا واحد ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے اسکے ساتھ ساتھ ہائیکورٹ نے اس سلسلہ میں مزید سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔

Photo Courtesy: Live Law

کورونا وائرس کی جاریہ وباء کے دؤران ملک کی پانچ ریاستوں میں انتخابات ،انتخابی مہم اور ریالیوں میں عوامی مجمع کا سخت نوٹ لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اگر بلو پرنٹ تیار نہیں کیا گیا ہے تو ان انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو روک دیا جائے جو کہ اتوار 2 مئی کو ہونے والی ہے۔

مدراس ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ آپ کا ادارہ کوویڈ کی دوسری لہر کا واحد ذمہ دار ہے۔ آپ کے عہدیداروں قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔

ہائیکورٹ نے کہا کہ انتخابی ادارہ عدالتی احکامات کے باوجود مہم کے دوران کوویڈ سیفٹی کیلئے ماسک ، سینی ٹائزر اور سماجی دوری کو نافذ کرنے میں ناکام رہا تھا۔

معزز چیف جسٹس سنجیب بینرجی نے سخت موقف کیساتھ الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ جب ان انتخابات میں انتخابی ریلیاں اور جلسے منعقد کیے گئے تو آپ کسی اور سیارے پر تھے؟

ہائیکورٹ نے 2 مئی کو ہونے والی ووٹوںکی گنتی اور انتخابی نتائج پر 30اپریل بروز جمعہ تک کوویڈ قواعد کو نافذ کرنے کا منصوبہ بھی الیکشن کمیشن سے طلب کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اس کے بغیر ووٹوں کی گنتی کو بھی روکا جاسکتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ عوامی صحت سب سے اہم ہے اور آئینی اداروں کو اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ اگر شہری زندہ رہتا ہے تو ہی وہ جمہوری حقوق سے لطف اندوز ہوسکتا ہے۔

مدراس ہائیکورٹ نے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ایم آر وجئے بھاسکر کی اس درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ سخت ترین ریمارک کیے ہیں جس میںانہوں نے ووٹوں کی گنتی کے دؤران کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کے مطالبہ کے تحت دائر کی تھی جو کہ ٹاملناڈو کے حلقہ اسمبلی کرور سے مقابلہ کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک کی پانچ ریاستوں مغربی بنگال ، ٹاملناڈو ، کیرالہ ، آسام اور پڈوچیری میں ہونے والے انتخابات کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کا آغاز ہوا ہے۔ پھٹ گئے ہیں۔آج بھارت میں 24 گھنٹوں تشویشناک حد تک 3 لاکھ 52 ہزار نئے کورونا کیس درج ہوئے ہیں جبکہ 2,812 کورونا متاثرین کی موت واقع ہوئی ہے جو کہ ایک اور سنگین ریکارڈ ہے۔