تلنگانہ کے ضلع کلکٹرس ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت نہ ہونے دیں اور کوویڈ ویکسین اندازی پرنظررکھیں

ریاستی خبریں

تلنگانہ کے ضلع کلکٹرس ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت نہ ہونے دیں اور کوویڈ ویکسین اندازی پرنظررکھیں
ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کی ہدایت

وقارآباد: 26۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ریاست کے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی ہے کہ جاریہ کوویڈ ویکسین اندازی کے کاموں پر نظر رکھی جائے اور کوئی مسئلہ درپیش ہوتو اس کو فوری طورپر حل کرلیا جائے۔

چیف سیکریٹری گزشتہ شام دیر گئے حیدرآباد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران سے مخاطب تھے۔اس ویڈیو کانفرنس کے موقع پر سیکریٹری محکمہ صحت جناب رضوی، پی آر اینڈ آر ڈی سیکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ،اسپیشل سیکریٹری رونالڈ روزکے علاوہ ریاستی سطح کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

چیف سیکریٹری سومیش کمار ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹران سے خطاب کرتے ہوئے۔

اس ویڈیو کانفرنس کاضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو اور متعلقہ عہدیداروں نے دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کے کانفرنس ہال میں مشاہدہ کیا۔

اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ریاست کے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی کہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت پیدانہ ہو اسکے لیے بھی تمامتر اقدامات کیے جائیں۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ ریاست کو 100 میٹرک ٹن آکسیجن موصول ہونے والی ہے۔ چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی کہ وہ روزآنہ صبح اور شام متعلقہ محکمہ طب کے عہدیداروں اور عملہ کیساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیں اور آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کو آکسیجن کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔

اسی طرح بخار اور کھانسی میں مبتلاء افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے کوویڈ ٹسٹ کو یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹران کو یہ ہدایت بھی دی کہ عوام کو کسی بھی صورت ماسک پہننے کی جانب راغب کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں پرجرمانے عائد کیے جائیں۔

اور ساتھ ہی ضلع کلکٹران ہسپتالوں کا دؤرہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیتے رہیں چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ہدایت دی کہ ہر مریض کو بہتر علاج فراہم کیے جانے کے اقدامات کیے جائیں اور اسکے لیے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداران آپسی تال میل کے ذریعہ ہر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام محکمہ جات ضلع انتظامیہ کیساتھ بہتر تعاون کریں۔

کلکٹر ضلع وقارآباد چیف سیکریٹری کی ویڈیو کانفرنس کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

اس موقع پر کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے چیف سیکریٹری سومیش کمار کو واقف کروایا کہ ضلع وقارآباد میں 27 خانگی ہسپتال موجود ہیں جن میں سے 20 ہسپتالوں کو کوروناوائرس کے متاثرہ مریضوں کے علاج کی اجازت دی گئی ہے۔

اور ضلع میں 67 بیڈس دستیاب ہیں،فی الحال ضلع میں دو سرکاری کوویڈ سنٹرس قائم کیے گئے ہیں جبکہ ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بھی کوویڈ سنٹرس قائم کیے جارہے ہیں اور حکومت کی ہدایت پر ضلع میں کوویڈ ٹسٹنگ اور کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے کام جاری ہیں۔

ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد موتی لال،ڈسٹرکٹ میڈکل اینڈ ہیلتھ آفیسر سدھاکر شنڈے،ڈاکٹر اروند،ملک ارجن،یادیا کے علاوہ ضلع کے دیگر عہدیداران نے چیف سیکریٹری کی اس ویڈیو کانفرنس کا مشاہدہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے