خانگی ٹراویلس کا ڈرائیور کیرالا سے آسام جارہے 64 مسافرین کا سامان لے کرنلگنڈہ ضلع سے فرار
حیدرآباد/نلگنڈہ :06۔نومبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
ہر معاملہ میں دھوکہ اور فریب ان دنوں عام اور بھولے بھالے لوگوں کو کسی بھی طریقہ سے ٹھگ لینا آج کل انتہائی آسان ہوگیا ہے۔
آج رات دیر گئے تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں کیرالا کے ایک خانگی ٹراویلس کی بس کے ڈرائیور اور کلینرنے تو حد ہی کردی کہ بس میں سوار تمام مسافرین کا سامان لے کراس وقت فرار ہوگئے جب تمام مسافرین رات کے کھانے کے لیے بس سے اتر گئے تھے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق گینگ باس ٹراویلس،کیرالا کی ایک بس 64 مسافرین کو لے کر کیرالا سے آسام جارہی تھی کہ آج رات نلگنڈہ ضلع مستقر سے 15 کلومیٹر کے فاصلہ پر نارکیٹ پلی میں موجود دھابوں میں رات کے کھانے کے لیے ڈرائیور نے بس کو روک دیا۔جس کے بعد بس میں سوار تمام 64 مسافرین اس بس سے اتر گئے اور کھانے میں مصروف ہوگئے۔

اس کے بعد بس ڈرائیور اور بس کا کلینر اس خانگی بس میں موجود تمام مسافرین کا لگیج اور دیگر سامان کے ساتھ بس کو لے کر فرارہوگئے
جب تمام مسافرین رات کے کھانے سے فارغ ہوکر بس کے مقام پر پہنچے تو وہاں بس موجود نہیں تھی۔مسافرین نے تھوڑی دیر یہ سوچ کر بس کا انتظار کیا کہ شاید کسی کام سے ڈرائیور بس کو میکانک یا ڈیزل پمپ تک لے کر گیا ہوگا۔تاہم بہت دیر تک بس کے واپس نہ آنے پر مسافرین پریشان ہوگئے اور انہیں شبہ ہوا کہ ڈرائیور اور کلنیئر تمام مسافرین کے سامان کے ساتھ بس کو لے کر فرار ہوگئے ہیں!
جس کے بعد ان پریشان حال مسافرین نے نارکیٹ پلی پولیس سے اس واقعہ کی شکایت کی تو پولیس نے ان تمام مسافرین کو چٹیال کے فنکشن ہال منتقل کرتے ہوئے ان کے قیام کی سہولت فراہم کی۔
بعد ازاں پولیس نے مسافرین کی شکایت پر ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور لاپتہ بس کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔ساتھ ہی نارکیٹ پلی پولیس نے تمام پولیس اسٹیشنوں کو بس نمبر کے ساتھ اطلاع دے دی ہے کہ اس بس کو جہاں نظر آئے روک لیا جائے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوپایا ہے کہ آیا اس کیرالا سے آسام جارہی خانگی ٹراویلس کی بس کو ڈرائیور اور کلینئر ہی لے کر فرار ہوئے ہیں یا پھر کسی اور گینگ نے ان دونوں کے ساتھ بس کا سرقہ کرلیا ہے؟؟ پولیس تمام زاویوں سے اس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

