عدلیہ کے نظام کو ہرحال میں بچاؤں گا، چاہے عہدہ ہی اس کی قیمت کیوں نہ ہو، کسان کا بیٹا ہوں کوئی جائیداد جمع نہیں کی: کرناٹک ہائی کورٹ کے جسٹس ایچ پی سندیش

عدلیہ کے نظام کو ہرحال میں بچاؤں گا
چاہے عہدہ ہی اس کی قیمت کیوں نہ ہو
کسان کا بیٹا ہوں کوئی جائیداد جمع نہیں کی،چار ایکڑ زمین بیچی ہے
کرناٹک ہائی کورٹ کے جسٹس ایچ پی سندیش کے سنسنی خیز ریمارکس،ویڈیو وائرل

بنگلورو: 05۔جولائی(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز )

کرناٹک ہائی کورٹ کےمعزز جسٹس ایچ بی سندیش کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی کے ساتھ وائرل ہوا ہے۔اس ویڈیو کو آج ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے "ڈرو مت”کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا ہے کہ”کرناٹک میں بی جے پی کی بدعنوان حکومت کو بےنقاب کرنے پر ہائی کورٹ کے جج کو دھمکی دی گئی ہے۔بی جے پی کی جانب سےادارہ کے بعد ادارہ کو تباہ کیا جارہا ہے۔ہم میں سے ہر ایک کو ان لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے جو بے خوفی سے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں”۔DaroMat#

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کرناٹک ہائی کورٹ کے جج ایچ پی سندیش نے پیر کوالزام عائد کیا کہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کو ہٹانے پر انہیں تبادلہ کی دھمکی دی گئی تھی۔

معزز جسٹس سندیش نے یہ تبصرہ بنگلورو کے سابق شہری تحصیلدار مہیش پی ایس کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کیا،جو مئی 2021 میں مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے کی رشوت لیتے گرفتار کرلیے گئے تھے۔پکڑے جانے کے بعدمہیش نے ایک بیان جمع کرواتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اس وقت کے بنگلورو شہری ڈی سی جے منجوناتھ کی ہدایت پر رشوت وصول کی تھی۔

دریں اثنا پیر کی اس سماعت کے چند گھنٹے بعداے سی بی نے کہا کہ اس نے آئی اے ایس افسر منجوناتھ کو گرفتار کرلیا ہے۔

سماعت کے پہلے دن جسٹس ایچ پی سندیش نے ملزم نمبر دو چیتن کی تقرری کا ریکارڈ فراہم کرنے میں ناکام رہنے پراے سی بی پرتنقید کی تھی۔کرناٹک ہائی کورٹ نے اپنی گزشتہ سماعت میں بھی اے سی بی کو رشوت حاصل کرنے کا مرکز قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی تھی۔

انڈین ایکسپریس کی اس رپورٹ کے مطابق پیر کے دن جسٹس سندیش نے کھلی عدالت میں کہاکہ انہیں ایک ساتھی جج نے مطلع کیا تھا کہ ان کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ اے ڈی جی پی (اے سی بی ) ان کے ریمارکس سے خوش نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کے اے ڈی جی پی (اے سی بی ) ایک طاقتور شخص لگتے ہیں۔اور میں اپنے آرڈر میں تبادلہ کی دھمکی کو ریکارڈ کروں گا۔معزز جسٹس نے مزید کہا کہ یہ عدلیہ کی آزادی کے لیے خطرہ ہے اور عدالت کو خطرہ ہے۔

اے سی بی اور اس کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل سے مخاطب ہوئے ہوئےمعززجسٹس ایچ پی سندیش نےکہا کہ وہ کسی بھی عہدے کو کھونے سے نہیں ڈرتے ہیں۔”میں کسی سےنہیں ڈرتا،میں ایک کسان کا بیٹا ہوں اور زمین کھیتی کے لیے تیار ہوں۔میرا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا نظریہ سے نہیں صرف آئین سے ہے۔میں نے جج بننے کے بعد کوئی جائیداد نہیں بنائی بلکہ 4 ایکڑ اراضی بیچ دی ہے جو میرے والد کی تھی۔

معزز جسٹس ایچ پی سندیش نے اے سی بی کے وکیل ایڈوکیٹ پر طنز کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیا آپ عوام کی حفاظت کر رہے ہیں یا داغدار لوگوں کی؟یہ ایک معزز پیشہ ہے۔کالا کوٹ کرپشن کرنے والوں کے تحفظ کے لیے نہیں۔کرپشن ایک کینسر بن چکاہے اسے چوتھےا سٹیج تک نہیں پہنچنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پوری ریاست بدعنوانی کے مسائل سے دوچار ہے۔اگر وٹامن ایم (پیسہ) موجود ہے،تو آپ اے سی بی کی بھی حفاظت کریں گے۔میں واقعات سے واقف ہوں۔کتنے کیسوں میں سرچ وارنٹ جاری کیے گئے اور کتنوں کو پھانسی دی گئی۔

دراصل زوم پر اس کیس کی سماعت کے دؤران کا یہ ویڈیو کرناٹک اور ملک کے سیاسی گلیاروں کو گرماکر رکھ دیا ہے اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل بھی ہوگیا ہے۔