کریم نگرکے سیوا بینک سے تجوری کا سرقہ کرنے والے دو سارق اندرون تین گھنٹے گرفتار،سرقہ شدہ 14 لاکھ روپئے اور 13 تولے سونا برآمد

کریم نگرکے سیوا بینک سے تجوری کا سرقہ کرنے والے دو سارق
اندرون تین گھنٹے گرفتار،سرقہ شدہ 14 لاکھ روپئے اور 13 تولے سونا برآمد
پولیس کمشنر وی۔ستیہ نارائنا کی پریس کانفرنس

کریم نگر :21۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کے کریم نگرضلع مستقر پر گزشتہ نصف شب کے بعد پیش آنے والی سرقہ کی واردات کا مقامی پولیس نے اندرون تین گھنٹے کامیاب سراغ لگاتے ہوئے اس واردات میں ملوث دو سارقوں کو گرفتار کرلیا اور ساتھ ہی ان کے قبضہ سے مسرقہ رقم اور سونا کے زیور برآمد کرلیے گئے۔

پولیس کمشنر کریم نگر ضلع مسٹر وی۔ستیہ نارائنا نے میڈیا کے سامنے برآمد کی گئی رقم اور سرقہ میں ملوث دو سارقوں کو پریس کانفرنس میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آج 11بج دنے "سیوامیچول ایڈیڈ کو آپریٹیو سوسائٹی کریم نگر” میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی شکایت پولیس میں درج کروائی گئی تھی۔ اس شکایت کے موصول ہونے کے بعد کریم نگر ون۔ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹرڈ کرتے ہوئے پولیس نے جائے مقام کا معائنہ کیا تھا۔

پولیس کمشنر نے بتایاکہ سیوامیچول ایڈیڈ کو آپریٹیو سوسائٹی کے مینجئر گزشتہ رات معمول کے مطابق رقمی لین کے بعد نقد رقم تجوری میں رکھ کر سیوابینک کو مقفل کرکے اپنے مکان روانہ ہوگئے تھے۔اس سلسلہ میں پولیس نے تیزرفتار تحقیقات کا آغاز کردیا۔جائے مقام سے کلوز ٹیم نے سارقوں کے فنگر پرنٹ،سی سی ٹی وی فوٹیچ حاصل کرلیے اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کے سوشل میڈیا میں تیزی کے ساتھ وائرل ہونے کے بعد چند افراد نے ان کی شناخت کرتے ہوئے پولیس کو اطلاعات فراہم کیں۔جس کے بعد پولیس نے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے سارقوں کی تلاش کا آغاز کردیا۔اور پولیس نے ان دونوں سارقوں کو کریم نگر آر ٹی سی بس اسٹانڈ سے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے سرقہ شدہ 14 لاکھ روپئے نقد رقم اور 13 تولے سونا کے زیورات برآمد کرلیے گئے۔کمشنر پولیس مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ سیوامیچول ایڈیڈ کو آپرئیٹو سوسائٹی کریم نگر کی جانب سے جملہ 34 لاکھ روپیوں کے سرقہ کی شکایت درج کروائی گئی تھی لیکن 14 لاکھ روپیوں کا ہی سرقہ ہوا تھا۔

پولیس کمشنر کریم نگر ضلع مسٹر وی۔ستیہ نارائنا نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ یہ دونوں سارق سیوا بینک کے کام کاج اور حالات پر پوری نظر رکھے ہوئے تھے۔اور سرقہ کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے گزشتہ نصف شب کے بعد یہ دونوں سارق لوہے کی راڈ سے سیوا بینک کے شیٹر کو توڑ کر اندر داخل ہوئے تجوری کو کھولنے کی کوشش کی تاہم ناکامی کے بعد رقم اور زیورات سے بھری تجوری لیکر فرار ہوگئے۔

ان دونوں سارقوں کی اندرون تین گھنٹے گرفتاری،مسروقہ رقم اور سونا کے زیور کی برآمدگی میں پولیس کی جانب سے مستعدی کا مظاہرہ کرنے پر کمشنر پولیس نے انہیں مبارکباد دی۔وہیں عوام بھی پولیس کی اس تیزرفتار کارروائی کی سراہنا کررہے ہیں کہ اس سے عوام کا پولیس پر مزید اعتماد بحال ہوا ہے۔