جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیراہتمام ” تعلیم اسلام ” پرتحریری مسابقہ کا انعقاد ، تانڈور، کوڑنگل اور وقارآباد میں 2,300 سے زائد طلبہ کی شرکت

جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیراہتمام” تعلیم اسلام ” پرتحریری مسابقہ کا انعقاد
تانڈور،کوڑنگل اور وقارآباد میں 2,300 سے زائد طلبہ کی شرکت، غیر مسلم طلبہ بھی شامل

وقارآباد/تانڈور : 20۔اگست
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

تانڈور

حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب،صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا  کی زیر سرپرستی، جمعیۃ علماء وقارآباد ضلع کی جانب سے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات کو بنیادی دینی تعلیم سے واقف کروانے کی غرض سے ہر سال بڑے پیمانے پر گرانقدر انعامات پر مشتمل تحریری مسابقہ منعقد کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر آج 20 اگست،بروز اتوار بیک وقت وقارآبادضلع کے تین اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈوراور کوڑنگل میں تحریری مسابقہ بعنوان ” تعلیم اسلام ” منعقد کیا گیا۔

تانڈور

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی،صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی تانڈورکے میٹرو فنکشن ہال میں 1700 سے زائد طلباء اورطالبات نے حصہ لیا۔جبکہ مولانا محمد عبدالباسط،صدر جمعیۃ علماء کوڑنگل کی زیر نگرانی جونئیر کالج کوڑنگل میں منعقدہ اس مسابقہ میں 400 طلباء نے شرکت کی۔وہیں مفتی محمد زین الدین قاسمی اور مولانا ابرار وقارآباد کی زیرنگرانی امبیڈکر بھون وقارآباد میں زائد از 200  طلبہ نے اس مسابقہ میں شرکت کی۔جن میں ہر سال کی طرح غیر مسلم طلبہ کی بڑی تعداد نے بھی اس تحریری مسابقہ میں حصہ لیا۔

ڈاکٹر حافظ عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،ضلعی سطح کے اس مسابقے کے سپرنٹنڈنٹ تھے۔جبکہ اس مسابقہ کو کامیاب بنانے میں حافظ محمد رئیس الدین،مولانا سید فراست علی قاسمی،مولانا محمد علی قاسمی،مولانا اظہر الدین قاسمی،حافظ عبدالقادر،مفتی سید شکیل احمد قاسمی،مفتی سعید احمد قاسمی،مولانا نصیرالدین قاسمی،حافظ محمد توفیق،حافظ محمد یوسف کوڑنگل،حافظ محمد نصیرالدین کوڑنگل،مولاناعثمان قاسمی دولت آباد، حافظ محمد آصف کوڑنگل،اکرم درّانی،حافظ شبیر وقار آباد،مولانا جمال وقارآباد اور نعیم ٹیچر کےعلاوہ جمعیۃ علماء وقارآباد ضلع کے فعال اراکین کی پوری ٹیم نے سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔

وقار آباد

تانڈور میں منعقدہ اس مسابقے میں بطور مہمان خصوصی مولانا محمد مصدق القاسمی صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد، مولانا اعجاز الدین صدیقی صدرجمعیۃ علماء چندرائن گٹہ،مفتی محمد عرفان قاسمی،سید اصغر حسین مؤظف لکچرار ڈائٹ وقارآباد،محمد طاہر قریشی،مولانا محمدشکیل احمد نظامی،محمد سراج صمدانی سابق مقامی امیر جماعت اسلامی ہند،محمد ضیاء ہوپ میڈیکل اور مارویلس تانڈور Marvelous Tandur#کے ذمہ داران کے علاوہ معززین شہر نے شرکت کرتے ہوئے ان طلبہ کی ہمت افزائی کی۔

کوڑنگل

اس سلسلہ میں مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی،جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماءضلع وقارآباد نےبتایا کہ اس مسابقے میں اردو،  رومن اردو اور تلگو زبان میں لکھنے کی سہولت فراہم کی گئی تھی اور اس کا اسٹڈی مٹریل بھی جمعیتہ علماء وقارآباد ضلع کی جانب سے تقسیم کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس مسابقے میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کے لیے

⬅️ گروپ۔اے میں : انٹر میڈیٹ اور ڈگری کےطلبہ کوشامل کیا گیاتھا.جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعام اول 15 ہزار روپئے،انعام دوم 12 ہزار روپئے اور انعام سوم کے تحت 8 ہزار روپئے نقد رقم پر مشتمل انعامات دئیے جائیں گے۔

⬅️ گروپ۔بی میں ساتویں تا دسویں جماعت کے طلبہ کا گروپ بنایا گیاتھا اور کامیاب طلبہ کو انعام اول کے طور پر 10 ہزار روپئے،انعام دوم 8 ہزار روپئے اور انعام سو، کے طور پر 6 ہزار روپیوں پر مشتمل نقد رقم بطور انعام دی جائے گی۔ 

⬅️ تیسری تا چھٹی جماعت کےطلباء وطالبات پرمشتمل گروپ۔سی بنایاگیا تھا اور اس مسابقہ میں کامیاب ہونےوالے ان طلبہ کو انعام اول کے طور پر 5 ہزار روپئے، انعام دوم 3 ہزار روپئے اور انعام سوم کے طور پر 2 ہزار روپئے نقد رقم پرمشتمل انعامات دئیے جائیں گے۔

مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی،جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کے مطابق 14ستمبر کو میٹرو فنکشن ہال تانڈورمیں منعقد ہونے والے جلسہ میں اس مسابقہ کے تمام کامیاب طلبہ کو نقد انعامی رقم کے علاوہ  توصیفی سند دئیے جائیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیں ” 

نوئیڈہ میں مصروف سڑک پر کار پر کرتب، و یڈیو وائرل، ٹریفک پولیس نے عائد کیا 26,000 روپئے کا جرمانہ