پرفیوم کمپنی کے مالک کے مکان پر محکمہ انکم ٹیکس کا دھاوا،150 کروڑ سے زائد نقد رقم برآمد،عہدیدار دنگ

پرفیوم کمپنی کے مالک کے مکان پر انکم ٹیکس کا دھاوا
150 کروڑ روپئے سے زائد نقد رقم برآمد
عہدیدار دنگ،ٹیکس چوری کے الزام کے بعد کارروائی

کانپور: 24۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ریاست اتر پردیش کے کانپور میں ایک پرفیوم تیار کرنے والی کمپنی کے مکان پر محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کی جانب سے منظم کیے گئے دھاوے کے دؤران برآمد ہونے والی نقدرقم دیکھ کر عہدیدار بھی دنگ رہ گئے۔

انکم ٹیکس چوری کے معاملہ میں محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کی ٹیم کل سے اس مکان میں تلاشی مہم میں مصروف ہے جنہیں اب تک 150 کروڑ روپئے کی نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

اس مکان کی مزید تلاشی لی جاری ہے اس مکان سے بڑے پیمانے پر نوٹوں کے بنڈلوں کی برآمدگی حیران کن ہے۔سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر وائرل کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پرفیوم کمپنی کے مالک پیوش جین پر انکم ٹیکس چوری کے الزامات کے بعد محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے ان کے مکان پر کل جمعرات کے دن دھاوہ منظم کیا۔مکان کی تلاشی کے دؤران اس مکان میں مشتبہ طور پر رکھی گئیں دو الماریاں پائی گئیں جسے کھول کر دیکھا گیا تو پیاکنگ کرکے رکھے ہوئے نوٹوں کے بنڈل دستیاب ہوئے جنہیں دیکھ کر محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدار بھی دنگ رہ گئے۔

اس کے فوری بعد انکم ٹیکس عہدیداروں نے بینک عہدیداروں کو طلب کرلیا اور تین نوٹ گننے کی مشینوں کے ذریعہ اس رقم کو گننے کا کام شروع کیا گیا۔انکم ٹیکس عہدیداروں کے مطابق کل شام سے نوٹوں کی جو گنتی کا آغاز کیا گیا تھا آج صبح تک جاری رہا جس کے دؤران 150 کروڑ روپئے کی رقم گنی گئی ہے اور مزید نوٹ گننے کا کام جاری ہے!

پرفیوم کمپنی کے مالک پیوش جین کے مکان سے اتنی بڑی مقدار میں نوٹوں کی برآمدگی کی اطلاع کے فوری بعد ڈائرکٹوریٹ آف جی ایس ٹی انٹلی جنس کے عہدیدار بھی اس مکان پر پہنچ گئے جس کے بعد انکشاف ہوا کہ پیوش جین بوگس اور بے نامی کمپنیوں کے ذریعہ نقلی بلس تیار کیا کرتے ہوئے جی ایس ٹی ادا نہیں کرتے تھے۔

بعدازاں محکمہ انکم ٹیکس اور ڈائرکٹوریٹ آف جی ایس ٹی انٹلی جنس کے عہدیداروں نے مہاراشٹرا اور گجرات کے علاوہ دیگر مقامات پر موجود پیوش جین کی ملکیت دفاتر،مکانات اور گوداموں پر بھی دھاوے منظم کیے جس کے دؤران ایک گودام سے چار ٹرکس میں رکھے ہوئے جعلی بکس بھی ضبط کرلیے گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ پرفیوم کمپنی کے مالک پیوش جین کے سابق چیف منسٹر اترپردیش و صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں!! اور حال ہی میں اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی نے ایک پرفیوم لانچ کیا تھا جسے پیوش جین کی کمپنی نے ہی تیار کیے ہیں۔

کانپور میں پرفیوم کمپنی کے مالک پیوش جین کے مکان سے اتنی بڑی مقدار میں رقم ضبط کیے جانے کے بعد بی جے پی قائدین سوشل میڈیا پر ان نوٹوں کے بنڈلوں اور پرفیوم کی لانچنگ کے وقت لی گئی پیوش گوئل اور اکھلیش یادو کی تصاویر کو وائرل کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر اترپردیش و صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔