جرائم اور غیر سماجی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سی سی کیمروں کی تنصیب کو اہمیت دی جائے : ایس پی ضلع وقارآباد کوٹی ریڈی

جرائم اور غیر سماجی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے
سی سی کیمروں کی تنصیب کو اہمیت دی جائے
ایس پی ضلع وقارآباد کوٹی ریڈی کے ہاتھوں
یالال منڈل میں 50 مقامات پر کیمروں کا افتتاح

وقارآباد/تانڈور:16۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع نےضلع کےعوام سے کہا ہے کہ جرائم اور غیرسماجی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے تمام مقامات پر سی سی کیمروں کی تنصیب کو اہمیت دی جائے۔

ضلع ایس پی نے آج یالال منڈل پولیس اسٹیشن کے حدود میں موجود مختلف مقامات پر نصب کئے گئے 50سی سی کیمروں کا افتتاح انجام دیا۔ان میں موضع راسنم میں 10،راجیوگروہاکالونی میں 15،لکشمی نارائن پورمیں 4، باگئے پلی میں 3، یالال منڈل مستقر میں 13 اوراقلیتی اقامتی اسکول کے قریب 5 سی سی کیمرے شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس پی وقارآباد ضلع مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےکہاکہ لازمی ہے کہ ہرکوئی سی سی کیمروں کی تنصیب کے لیے آگے آئے۔انہوں نے کہا کہ مواضعات کے تحفظ کے لیے سی سی کیمرے انتہائی ضروری ہیں۔

ضلع ایس پی نے عوامی نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ مواضعات اور ٹاؤنس میں شعور بیداری پروگرام منعقد کرتے ہوئے عوام کو سی سی کیمروں کی تنصیب اور ان کی اہمیت سے واقف کرواتے ہوئے عوام کو اپنے اپنے مکانات،کالونیوں اورعلاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جانب راغب کروائیں۔

ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر ای۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے ضلع وقارآباد کے عوام سے خواہش کی کہ ریت اور سرکاری راشن کے چاول کی غیر قانونی منتقلی اور مٹکہ کے کاروبار کی روک تھام کے لیے پولیس کو اطلاع دیں۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے نقلی بیجوں کی تیاری اور کسانوں کو فروختگی کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ضلع ایس پی نے ساتھ ہی متنبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے نوجوانوں کومشورہ دیاکہ وہ غلط عادتوں کا شکار ہوکر اپنی زندگیوں کو برباد نہ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر کام میں استعمال کریں۔

اس موقع پر ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) رام بابو،سب انسپکٹر پولیس یالال اروند کے علاوہ عوامی نمائندے،ملازمین پولیس شریک تھے۔