حیدرآباد میں ہفتہ کو 9 سال بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ، اضلاع جگتیال اور کریم نگرمیں سب سے زیادہ 46.8 ڈگری سنٹی گریڈ درج

حیدرآباد میں ہفتہ کو 9 سال بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ
اضلاع جگتیال اور کریم نگر میں سب سے زیادہ 46.8 ڈگری سنٹی گریڈ درج
مزید دو دنوں تک ریاست میں شدید گرمی کی لہر اور اس کے بعد بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد : 04۔مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ ماہ اپریل کے آغاز ہی سے شدید گرماء کی لپیٹ میں ہے۔دن بہ دن اس کی شدت میں اضافہ ہی ریکارڈ کیا جا رہاہے۔گزشتہ ماہ بشمول حیدرآباد ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 40 یا 41 ڈگری سنٹی گریڈ ہونے کے باوجود بھی گرماء کی شدت سے عوام کا برا حال رہا۔ماہرین موسمیات نے بتایاتھا کہ درجہ حرارت میں بھلے ہی اضافہ نہیں ہوا ہے لیکن جس شدت کی گرمی اور گرم لو کے جھکڑ چل رہے ہیں اس کی وجہ ہوا میں نمی کی کمی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ریاست میں ایسی گرمی کی شدت 1921 میں ریکارڈ کی گئی تھی اب 103 سال بعد دوبارہ گرمی کی شدت نے اپنا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ہولناک گرمی کے باعث عوام کو شدیدمشکلات درپیش ہیں۔دن کے وقت بشمول حیدرآباد کئی اضلاع کی اہم سڑکیں سنسان نظر آ رہی ہیں۔لوگ اپنے گھروں تک ہی محدود رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔تلنگانہ میں صبح 9 بجے سے ہی شام 6 بجے تک گرمی کا قہر جاری ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق لو لگنے سے ریاست میں اب تک 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔!!

ہندوستانی محکمہ موسمیات IMD#  نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں آج 4 مئی بروز ہفتہ کو 43.8 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے اور مرکزی محکمہ موسمیات کے مطابق مئی 2015 کے بعد آج حیدرآباد میں گرم ترین دن رہا۔جبکہ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ قطب اللہ پور میں 44.2 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔اس کے علاوہ حیدرآباد کے کئی مضافاتی علاقے بھی آج گرم ترین دن کے طور پر ریکارڈ ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر اور جگتیال آج ریاست تلنگانہ کے سب سے زیادہ گرم اضلاع کے طورپر ریکارڈ ہوئے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.8 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔جو کہ جاریہ سال اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت کے طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وہیں آج اضلاع نظام آباد، نارائن پیٹ، نلگنڈہ، پیدا پلی اور منچریال میں بھی آج درجہ حرارت 46 ڈگری سنٹی سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ریاست کے 29 اضلاع شدید گرماء کے انتباہ کےساتھ ریڈ الرٹ کے دائرہ میں ہیں جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درج کیا گیا۔عادل آباد، میدک اورسنگاریڈی میں درجہ حرا رت 44 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا یہ اضلاع اورینج الرٹ کی فہرست میں ہیں۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ 6 مئی تک ریاست تلنگانہ میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔اور اس کے بعد 7 مئی سے ریاست کے چند اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کے بعد ہی ریاست تلنگانہ میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

موسم گرماء کی شدت کے پیش نظر ریاست کے عوام کو مشورہ دیا گیاہےکہ وہ احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔11 بجے دن سے شام 4 بجے تک بلاء وجہ اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں،بالخصوص ضعیف اور بیمار افراد اور بچوں کا خاص خیال رکھیں۔گھروں کے اندر کا درجہ حرارت بھی بڑھنے نہ دیں، پینے کے پانی کااستعمال زیادہ کریں چائے، کافی اور دیگر گرم اشیاء کا استعمال ترک کریں۔