تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کی انتخابی مہم میں شرکت پر 48 گھنٹوں کی پابندی
کانگریس کی شکایت پر الیکشن کمیشن کی کارروائی
حیدرآباد : 01۔مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست میں جوں جوں گرما کی شدت میں اضافہ ہوتاجارہا ہے اسی طرح مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کےدوران سیاسی سرگرمیوں،ایک دوسرے کے خلاف الزامات جوابی الزامات اور تنقید کی شدت کا پارہ بھی اوپر چڑھتا جارہا ہے۔مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے خلاف الیکشن کمیشن ایسے سیاسی قائدین کے خلاف پابندیاں عائد کرتا ہے جو مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دائرہ میں آتی ہیں۔
اسی کے تحت الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ و بی آر ایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران چند ریمارکس کے خلاف سخت فیصلہ لیتے ہوئے ان پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر 48 گھنٹوں کی پابندی عائد کردی ہے۔اس پابندی کا آغاز آج یکم مئی کی رات 8 بجے سے اطلاق ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں سرسلہ میں انتخابی مہم کے دؤران کی گئی پریس کانفرنس میں سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے کانگریس پر ریمارکس کی شکایت کےحاصل ہونےکے بعد اس کا جائزہ لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کے خلاف آج یہ کارروائی کی ہے۔!!
اس سلسلہ میں مسٹر مالے ملک پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ احکام میں بتایا گیاہےکہ بی آر ایس پارٹی سربراہ و سابق وزیراعلیٰ کے ۔ چندراشیکھر راؤ کی جانب سے تلنگانہ کے سرسلہ میں 5 اپریل کو منعقدہ پریس کانفرنس میں مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔اور
الیکشن کمیشن کے آرٹیکل 324کے تحت کے۔چندراشیکھرراؤ پرجاریہ الیکشن کے دؤران آج یکم مئی کی رات 8بجے سے فوری اثر کےساتھ 48 گھنٹوں کی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
اس پابندی کے دؤران کے۔چندراشیکھرراؤ کسی بھی ریالی،عوامی جلسوں،عوامی اجتماعات اور روڈ شوز میں شرکت یا خطاب نہیں کرسکتے۔ساتھ ہی کے۔چندراشیکھرراؤ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر شوز یا ان کے لیے انٹرویوز نہیں دے سکتے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر 48 گھنٹوں کی پابندی عائد کیے جانے پر سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ و بی آر ایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریر کے دوران ان کے الفاظ کوجلسہ میں موجود عہدیدار درست طریقہ سے سمجھ نہیں پائے۔
اور ان کی چند باتوں کا انتخاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ان کے خلاف شکایت کی تھی۔ساتھ ہی سابق وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ ان کی تلگو تقریر کا انگریزی ترجمہ بھی درست نہیں ہے۔سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ و بی آرایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھر راؤنے کہا کہ انہوں نے اپنے خطاب میں کانگریس کے وعدوں اور ان پر عمل آوری کرنے میں ناکامی کا ذکر کیا تھا۔
" یہ بھی پڑھیں "

