حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے پہنچے دو مسافرین کے قبضہ سے
20.49 لاکھ روپئے مالیتی 412 گرام سونا ضبط،کیس درج
مقناطیسی بریسلیٹ اور کپڑوں کے بٹنس میں چھپاکر لایا گیا تھا سونا
حیدرآباد: 27۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرمحکمہ کسٹمس عہدیداروں نے دبئی سے دو الگ الگ فلائٹس کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے دو مسافرین کے قبضہ سے سونا ضبط کرلیا ہے۔
محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کے مطابق کل 27 ڈسمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر فلائٹ نمبر 6E0-25 اور فلائٹ نمبر FZ439 کے ذریعہ دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ان دونوں مسافرین کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 412 گرام سونا ضبط کیا گیا ہے جس کی مالیت 20 لاکھ 49 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر کسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر ممنوعہ اشیا کی ضبطی کی اطلاعات اب عام ہوکر رہ گئی ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے!!۔
کل 27 ڈسمبر کو ہی محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر فلائٹ نمبر 6E-25کے ذریعہ دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے ایک کلو 19 گرام سونا ضبط کرلیا گیاہے۔جس کی مالیت 59 لاکھ 23 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔
جبکہ 22 ڈسمبر کو حیدرآباد سے شارجہ جارہے ایک مسافر کی تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سے حیدرآباد ایرپورٹ کے کسٹم عہدیداروں نے 25,000 سعودی عرب کے ریال اور 22,500 متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے درہم ضبط کیے تھے۔محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے بتایا تھا کہ اس بیرون ممالک کی ضبط شدہ کرنسی کی ہندوستانی کرنسی میں جملہ مالیت 8,00,795 روپئے ہے۔
18 ڈسمبر کو بھی دُبئی سے فلائٹ نمبر FZ 439کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 244.150 گرام سونا ضبط کیا تھا۔جسے اس مسافر نے اپنے لگیج میں چھپاکر لایا تھا۔حیدرآباد ایرپورٹ کےکسٹم عہدیداروں نے اس ضبط شدہ سونا کی قیمت 12.04 لاکھ روپئے بتائی تھی۔اس مسافر کے خلاف بھی ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

