حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے پہنچے مسافر کے قبضہ سے
ایک کروڑ 65 لاکھ روپئے مالیتی تین کلو سونا ضبط
مسافر اور اسمگل شدہ سونا حاصل کرنے والا کوویڈ جانچ سنٹر کا ملازم بھی گرفتار
حیدرآباد: 02۔جون (سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹمس عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے اور چند غیر ممالک جانے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اوردیگرممنوعہ اشیا ضبط کیے جانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ان اشیاء کی اسمگلنگ میں مصروف افراد بھی مختلف خفیہ طریقوں سے اور مختلف سامان میں چھپاکر سونا کی اسمگلنگ مصروف ہیں۔تاہم چند ماہ سے ان واقعات میں کمی درج کی گئی تھی۔
اسی دؤران آج 2 جون کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پرکسٹم عہدیداروں نے دُبئی سے ایرانڈیا کی فلائٹ AI-952 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 3.14 کلوگرام سونا ضبط کرلیا ہے۔کسٹمس عہدیداروں کے مطابق اس ضبط شدہ سونا کی مالیت ایک کروڑ 65 لاکھ روپئے ہے۔
اس سلسلہ میں جہاں دبئی سے سونا لے کر حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے اس مسافر کوگرفتار کیاگیا ہے وہیں کسٹمس کےعہدیداروں کےمطابق راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حیدرآباد پر کوویڈ وبا کے آغاز سے بیرون ممالک سے ایرپورٹ پہنچنے والے مسافرین کی کوویڈ جانچ کی غرض سے قائم کوویڈٹسٹنگ سنٹر Covid Testing Centre کے ایک خانگی ملازم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
کیونکہ دبئی سےاسمگل شدہ سونالے کرایرپورٹ پہنچنے والےاس مسافر نے اس کوویڈ جانچ سنٹر پر اپنی کوویڈ کی جانچ RT-PCR کروانےکےبہانے سے اسمگل شدہ سونا کے پیاکٹس اس ملازم کے حوالے کیے تھے۔
اس سلسلہ میں کسٹمس عہدیداروں کی جانب سے دبئی سے پہنچنے والے مسافر اور ایرپورٹ پر قائم اس کوویڈ جانچ سنٹر کے خانگی ملازم کوتحویل میں لیتے ہوئے ان دونوں کےخلاف کیس درج کیاگیا ہے اور اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
شمس آباد ایرپورٹ کےکسٹمس عہدیدار اب اس زاویہ سے بھی تحقیقات میں مصروف ہیں کہ یہ اپنی طرز کاپہلا واقعہ ہے یا پھر اس سے قبل بھی ایسی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں؟


