وقارآبادضلع میں 1400 ملی میٹر بارش ریکارڈ، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب ،کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی مسدود

وقارآبادضلع میں 1400 ملی میٹر بارش ریکارڈ
سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب
کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی مسدود

وقارآباد: 21۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام )

وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل کےمختلف منڈلات اور مواضعات میں جمعہ کی شام دیر گئے شدیدغیر موسمی بارش ہوئی۔جس کے دؤران کئی مقامات پر برقی پول اور درخت گرگئے۔گزشتہ شام پانچ بجے سے ضلع کے مختلف مقامات پر شدید گرج و چمک کے ساتھ زائد از ایک گھنٹہ تک دھواں دھار بارش ہوئی۔بعدازاں موسلادھار اور ہلکی بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔

اس بارش کے باعث ضلع میں کل رات سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔تاہم اس بارش کے آغازکے ساتھ ہی مختلف مقامات پر برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی۔وہیں تانڈور میں برقی سربراہی رات 11بجے کے بعد بحال کی گئی۔

گزشتہ شام دیرگئے تانڈور میں ہونے والی 39 ملی میٹر نے بلدیہ کی کارکردگی کی پول کھول کررکھ دی۔یہاں کے مصروف تجارتی علاقہ بھدریشور چوک میں بارش کے پانی کی عدم نکاسی کے باعث یہ پورا علاقہ تالاب میں تبدیل ہوگیا تھا۔اسی طرح گورنمنٹ جونیئر کالج گراؤنڈ بھی آج دوپہر تک جھیل کا منظر پیش کررتھا۔

اس بارش کے باعث یہاں کئی نشیبی علاقے اور سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئی تھیں۔سڑکوں پر موجود گڑھے تالاب نظر آرہے تھے۔

محکمہ موسمیات تلنگانہ کے مطابق کل شام سے آج صبح 30-8بجے تک ضلع وقارآباد میں 1413 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

کوٹ پلی منڈل میں 112 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے،جبکہ بنٹارم میں 110.5 ملی میٹر،دودیال میں 102 ملی میٹر،داؤلاپور میں95 ملی میٹر،پدیمول میں 86.4؍ملی میٹر،مدن پلی میں 72ملی میٹر،دھارور میں 69.5 ملی میٹر،تانڈورمنڈل میں 68.5 ملی میٹر،پٹا پہاڑ میں 59.8 ملی میٹر،چوڈاپور میں 57 ملی میٹر،قاسم پور میں 50.3ملی میٹر،راپول میں 48 ملی میٹر،مجاہدپور میں 47 ملی میٹر،بھمرس پیٹ میں 39.8 ملی میٹر،تانڈوراور ناگارام میں39ملی میٹر،

دوما میں 38 ملی میٹر،کوڑنگل میں35.5 ملی میٹر،پرگی میں31.3 ملی میٹر،مومن پیٹ میں 30.6 ملی میٹر،مرپلی میں 30 ملی میٹر،بشیرآباد میں 28 ملی میٹر، وقارآباد اور مدگل چٹم پلی میں 27 ملی میٹر،یالال میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ دیگر مقامات پر 19 ملی میٹر سےکم بارش ہوئی ہے۔کل رات ضلع میں ہونے والی بارش کے باعث آج ضلع میں دن کا درجہ حرارت اتہائی کم ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ دن بھر ابرآلود اور موسم خوشگوار رہا۔