تلنگانہ میں 10 اگست تک تیز ہواؤں کے ساتھ شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، چند اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ اور چند اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری

تلنگانہ کئی اضلاع میں 10 اگست تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی
چند اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ اور چند اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری

حیدرآباد: 06۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ماہ جولائی سے ریاست تلنگانہ شدید بارش کی لپیٹ میں ہے۔ریاست کےتمام ذخائرآب لبریز ہوگئے ہیں جن سےوقفہ وقفہ سے زائد پانی کا اخراج  کا سلسلہ جاری ہے۔کئی اضلاع میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی تھی اور ہنوز چند اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔

ایسے میں آج 6 اگست کو مرکزی محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی) اور ریاستی محکمہ موسمیات کی جانب سے تلنگانہ کے چنداضلاع میں تیز ہواؤں،گرج چمک کے ساتھ شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کےمطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کےباعث ریاست میں شدید ترین بارش ہوگی۔محکمہ موسمیات نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پراجکٹس اور آبی ذخائر کے پاس چوکس رہیں۔ساتھ ہی آندھر اپردیش میں بھی شدید ترین بارش کی قیاسی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کےمطابق تلنگانہ میں9 اگست تک 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ شدید سے شدیدتر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ریاست تلنگانہ کے اضلاع سنگاریڈی،محبوب نگر،محبوب آباد،عادل آباد،نرمل،نارائن پیٹ،ونپرتی،ناگرکرنول،وقارآباد،سدی پیٹ، جئے شنکر بھوپال پلی،ملگ،بھدرادری بھونگیر کے علاوہ دیگر اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ 8 اگست اور 9 اگست کو ان اضلاع میں شدید ترین بارش کا امکان ہے اور اس سلسلہ میں ریڈ اور آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مرکزی محکمہ موسمیات نے بھی آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے 7 اگست تا 9 اگست ملک کی کئی ریاستوں میں طوفانی بارش کی پیش قیاسی کی ہے کہ خلیج بنگال میں 7 اگست کو ہوا کے دباؤ میں زبردست کمی اور گردابی طوفان کےتیار ہونے کی وجہ سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بھی شدید ترین بارش ہوسکتی ہے۔

مرکزی محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے اثر سے تمل ناڈو،پدوچیری،رائلسیما،کرناٹک،کیرالا،یانم اور دیگر ریاستوں میں 9 اگست تک تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید سے شدید بارش کا امکان ہے۔مرکزی محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں مزید چار تا پانچ دنوں کےدؤران شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے چند اضلاع کے لیے آرینج الرٹ اور چند اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ریاست تلنگانہ میں 10 اگست تک شدید ترین بارش کی مرکزی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔

مرکزی محکمہ موسمیات نے ریاست تلنگانہ کے اضلاع نظام آباد،جگتیال،راجنا سرسلہ،کریم نگر،پیدا پلی،کھمم،سوریہ پیٹ،محبوب آباد،جنگاؤں،یادادری بھونگیر، ورنگل،ہنمکنڈہ میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ان اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔جبکہ اضلاع عادل آباد، آصف آباد،منچریال،نرمل،بھوپال پلی،ملگ،بھدرادری کوتہ گوڑم،نلگنڈہ،سدی پیٹ،وقارآباد،سنگاریڈی،محبوب نگر،ناگرکرنول،ونپرتی اور نارائن پیٹ کے لیے شدید بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ساتھ ہی عہدیداروں اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔