حیدرآباد میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں شدید بارش، آج اور کل تلنگانہ میں شدید اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں گرج و چمک کے ساتھ شدید بارش
کئی علاقوں میں مکانات اور سڑکیں زیرآب،کشتیوں کی مدد سے مکینوں کو نکالا گیا
آج اور کل تلنگانہ کے کئی مقامات پر شدید اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد: 04۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

گرما کی شدت سے پریشان حیدرآباد کے عوام کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں حیدرآباد کے بشمول اس کے مضافاتی علاقوں میں شدید گرج و چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش کے بعد راحت نصیب ہوئی ہے۔ وہیں دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

شدید گھن گرج،بجلیوں کی چمک اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی اس غیرموسمی بارش کے باعث شہر کے کئی اہم علاقوں میں سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے،کئی مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ حیدرآباد کے قدیم شہر اور نئے شہر کے علاقوں کی مختلف کالونیوں کی کئی اہم سڑکیں،علاقے اور عمارتیں تالابوں اور جھیلوں کا منظر پیش کررہی تھیں۔جہاں سڑکوں کے کنارے پارک کی گئیں گاڑیاں بارش کے پانی میں غرق ہوگئی تھیں۔

وہیں کئی مکانات زیرآب آگئے۔بتایا جارہاہے کہ آج ہونے والی شدید اورخوفناک بجلیوں کی چمک اورگھن گرج گزشتہ کئی سالوں کے دؤران نہیں دیکھی اور سنی گئی تھیں۔

بارش سے متاثرہ علاقوں میں ڈیزاسٹر ریلیف فورس اور جی ایچ ایم سی اورمحکمہ برقی کا عملہ متحرک ہوگیا ہے۔ٹوٹے ہوئے برقی تاروں کی مرمت،پانی کی نکاسی اور گرے ہوئے درختوں کو ہٹایا جارہا ہے۔

تیزہواؤں کے باعث برقی تاروں کے ٹوٹ جانے سے کئی علاقوں میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی۔کئی مقامات پر سائن بورڈس اڑگئے۔ شہر کی زیرآب گلیوں اور کالونیوں میں ڈیزاسٹر ریلیف فورس اور جی ایچ ایم سی کے عملہ کی جانب سے چند مقامات پر پانی میں محصور لوگوں کو حفاطتی مقامات پر پہنچایا گیا۔ جبکہ نوجوانوں اور بچوں کو ربر کی کشتیاں چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔

” آج حیدرآباد میں ہونے والی شدید بارش کے چند مناظر اس ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں ”

(براہ کرم سحر نیوز کے اس نیوز چینل کو ضرور Subscribe کریں،آپ کا تعاون ہی ہماری کامیابی ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح 30-8 بجے تک سکندرآباد کے علاقہ ماریڈپلی کے سیتاپھل منڈی میں 72.8 ملی میٹر،مشیرآباد میں 67.0 ملی میٹر،ویسٹ ماریڈ پلی میں 61.8 ملی میٹر،الوال میں 59.3 ملی میٹر،ماریڈ پلی کے ہی کنٹونمنٹ علاقہ میں 58.0 ملی میٹر،آصف نگر اور بالا نگر میں 54.3 ملی میٹر،کاپرا میں 51.3 ملی میٹر،سرور نگر میں 50.8 ملی میٹر،سکندرآباد کے پاٹی گڈہ میں 49.5 ملی میٹر،ملکاجگیری میں 47.3 ملی میٹر،

سرورنگرکے الکاپوری میں 46.8 ملی میٹر،بہادر پورہ کے چندولال بارہ دری اور زو پارک کے علاقہ میں 46 ملی میٹر،نام پلی کے علاقوں ایل بی اسٹیڈیم اور گن فاؤنڈری میں 44.3 ملی میٹر،حمایت نگر میں 43.5 ملی میٹر،سکندرآباد کے علاقہ میں 43 ملی میٹر،چارمینار کے علاقہ میں 42 ملی میٹر اور آصف نگر کے علاقہ میں 41.5 ملی میٹر،بیگم پیٹ میں 50 ملی میٹر،فلک نما میں 46 ملی میٹر،کاچی گوڑہ میں 43 ملی میٹر،عنبر پیٹ 40 ملی میٹر،امیر پیٹ اور سنتوش نگر میں 37 ملی میٹر،خیریت آباد میں 36 ملی میٹر،بیگم بازار اور حیات نگر میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

آج صبح کی اولین ساعتوں میں حیدرآباد کے ساتھ ساتھ یادادری بھونگیرضلع کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پربھی بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔جبکہ کئی اضلاع میں نصف شب کے بعد گرج چمک ہوئی تھی۔متحدہ اضلاع نرمل،کریم نگر اور نلگنڈہ کے کئی مقامات پر آج ہونے والی بارش کے باعث کسانوں کی جانب سے فروخت کے لیے لایا گیا دھان بھیگ کر تباہ ہوگیا۔وہیں اس بارش کے باعث کسانوں میں خوشی کی لہر دؤڑ گئی ہے جن کی فصلیں پانی سے محروم تھیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ،رائلسیما اور تمل ناڈو میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ریاست تلنگانہ کے کئی مقامات پر آج صبح بارش ہوئی ہے۔جبکہ اس ہواکے دباؤ میں کمی کے باعث آج 4 مئی بروز چہارشنبہ اور کل 5 مئی بروز جمعرات کو ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید اور موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آندھراپردیش میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔