تلنگانہ میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کی اطلاعات پر وزیرصحت ایٹالہ راجندر کا بیان

ریاستی خبریں قومی خبریں

تلنگانہ میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کی اطلاعات پر وزیرصحت ایٹالہ راجندر کا بیان

حیدرآباد:29۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج جمعرات کو ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

وزیر صحت کے اس بیان سے میڈیا کے ایک گوشہ اور سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والی لاک ڈاؤن کے نفاذ کی خبروں کی نفی ہوگئی ہےجس کے بعد عوام میں اندیشے پیدا ہوگئے تھے اور عوام نقل مقامی کیساتھ ساتھ راشن ،ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنے میں مصروف ہوگئے تھے۔

وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے انتباہ دیا کہ ریاست میں آکسیجن اور ادویات زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں تلنگانہ کیساتھ ساتھ آندھراپردیش ، کرناٹک ، چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے مریضوں کا بھی علاج کیا جارہا ہے۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کل سے ریاست کے 19 اضلاع میں ڈیاگناسٹک ہبس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ جو آئسولیشن میں موجود افراد تین ، چار دن میں ایک مرتبہ اپنے خون کا معائنہ کروائیں۔

ساتھ ہی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سربراہ کیے جانے والے کوویڈ ویکسین کی تعداد کے حساب سے ریاست میں کوویڈ ویکسین دی جائے گی اور کوویڈ ویکسین کی دستیابی کے حساب سے منصوبہ تیار کیا جائے گا۔

وزیرصحت نے کہا کہ ریاست میں تین ماہ میں ساڑھے تین کروڑ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا منصوبہ ہے ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ کیا ویکسین کے حصول کی مرکزی حکومت اجازت دے گی؟

وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے انکشاف کیا کہ اے این ایمس کے ذریعہ گھر گھر جاکر کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا امکان ہے۔ وزیرصحت نے کہاکہ کورونا ٹسٹنگ اور کوویڈ ویکسین دئیے جانے کیلئے علحدہ علحدہ مراکز کے قیام کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس پر حکومت غور کررہی ہے۔

وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ نظم و ضبط اور مکمل منصوبہ بندی کیساتھ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے