آکسیجن کی قلت سے ہونے والی اموات، دنیا بھر میں ملک کی رسوائی کا باعث
وزیرصحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر مرکزی حکومت اور ریاست کے بی جے پی قائدین پر برہم
حیدرآباد:29۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک کی مختلف ریاستوں میں آکسیجن اور ادویات کی قلت کے باعث کوروناوائرس متاثرین کی اموات پر وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے آج مرکز کی بی جے پی حکومت اور ریاست کے بی جے پی قائدین پر انتہائی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آکسیجن کی قلت سے ہونے والی اموات دنیا بھر میں ملک کیلئے رسوائی کاباعث ہیں۔
ایٹالہ راجندر نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان دیگر ممالک کو امداد دینے کے موقف سے اب چھوٹے چھوٹے ملکوں سے امداد حاصل کرنے کے حالات میں پہنچ گیا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس سے عوام کا حکومت سے اعتماد ختم کا امکان رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی خطوط پر حکومت ضرورت کے تحت آکسیجن فراہم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائے۔
وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے انکشاف کیا کہ تلنگانہ حکومت نے 600ٹن آکسیجن کی ضرورت ظاہر کی تھی تاہم نے ریاست کو صرف 306 میٹرک ٹن آکسیجن ہی فراہم کی گئی ہے۔اورحکومت تلنگانہ نے قریبی ریاستوں سے آکسیجن کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا جس پرہزاروں کلومیٹر دورکا فاصلہ رکھنے والے مقامات پر تلنگانہ کیلئے آکسیجن منظور کی گئی ۔
ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ریاست کے بی جے پی قائدین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے نازک حالات میں بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ موقع ہرگز سیاسی روٹیاں سینکنے کا نہیں ہے ۔وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ جب تمام امور مرکز کی بی جے پی حکومت کے ہاتھ میں ہیں تو ریاستوں پر تنقید کرنا ٹھیک نہیں ہے۔وزیر صحت نے ان بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ ملک میں بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کی حالت کیا ہے وہ دیکھ کر ہی بات کریں۔
وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر جن کی پہچان ایک خاموش طبیعت، مدبر اور بہترین سیاستداں کیساتھ ساتھ ایک حرکیاتی اور انتہائی ذمہ دار وزیرصحت کی ہے تاہم آج مرکزی حکومت اور بی جے پی قائدین پر ان کا غصہ اُبل پڑا۔
وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں تلنگانہ کیساتھ ساتھ آندھراپردیش،کرناٹک،چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے مریضوں کا بھی علاج کیا جارہا ہےلیکن ہم پھر بھی مرکزی حکومت پر تنقید نہیں کررہے ہیں لیکن بی جے پی قائدین ہم پر تنقید کرنے میں مصروف ہیں۔
وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام میں اور متاثرین کو بہتر علاج ومعالجہ کی فراہمی میں ریاست تلنگانہ مکمل ذمہ داری کیساتھ کام کررہی ہے۔
وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے مرکز کی بی جے پی حکومت سے سوال کیا کہ ریاستوں کی غلطیاں بتانے والی مرکزی حکومت نے کیا کیا ہے؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت مفت کوویڈ ویکسین فراہم کرے اور کوویڈ ویکسین کی جنگی خطوط پر تیاری عمل میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کوویڈ ویکسین دستیاب نہیں ہوتی ہے تو حالات مزید بدتر ہوجائیں گے۔
وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست میں 18 تا 44 سال کی عمر کے حامل ساڑھے تین کروڑ افراد کیلئے کوویڈ ویکسین کی ضرورت ہوگی وہیں دو فارما کمپنیوں نے بتایا ہے کہ ان کے پاس 6کروڑ ویکسین ہی تیار ہونگے اس وزیر صحت نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں واضح منصوبہ جاری کرے۔
وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریمیڈیسیور کم قیمتوں میں تیار کرکےزیادہ قیمتوں میں فروخت کیا جارہا ہےجس پر مرکزی حکومت فوری دھیان دیتے ہوئےریمیڈیسیور اور دیگر ادویات کی پیداوارمیں اضافہ کو یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ مرکز اسے روکنے کا کام نہ کرے بلکہ پیداوار میں اضافہ کے ذریعہ ریاستوں کو فراہم کرےاور اس بات کو یقینی بنائے کہ ادویات کی بلیک مارکیٹنگ نہ ہو۔
وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کورونا ٹسٹنگ کِٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہر چیز پر مرکزی حکومت کی گرفت مضبوط ہو۔
وزیرصحت نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ ریاستوں کے سروں پر الزام دھرنے والی مرکزی حکومت نے کیا کیا ہے؟ انہوں نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ ریاست تلنگانہ میں تین ماہ میں ساڑھے تین کروڑ افراد کو کوویڈ ویکسین مفت دئیے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے تو کیا ویکسین کے حصول میں مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ کی مدد کرے گی؟