تانڈور میں حج کمیٹی وقارآبادضلع ومسلم ویلفیئراسوسی ایشن کے زیراہتمام حج تربیتی و ٹیکہ اندازی کیمپ
صدر تلنگانہ کھادی بورڈ محمد یوسف زاہدمظاہری،المیزان حافظ محمدفیاض علی کی شرکت و خطاب
ڈی ایس پی شیکھر گوڑ کی شرکت،قومی یکجہتی اور امن و امان کی برقراری کے لیے دعاء کی اپیل
وقارآباد/تانڈور:14۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
جناب محمد یوسف زاہد مظاہری،صدرنشین تلنگانہ کھادی بورڈ نے آج 14 جون کو تانڈور کےنیشنل گارڈن فنکشن ہال میں حج کمیٹی وقارآباد ضلع اور مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کے زیراہتمام منعقدہ حج تربیتی و ٹیکہ اندازی کیمپ سےبحیثیت مہمان خصوصی اپنےخطاب میں عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ سفر حج کے دؤران اپنے ساتھ سامان کم سے کم رکھیں اور ساتھ ہی حج کے دؤران عبادات،ذکرواذکار کاکثرت سےاہتمام کرتے ہوئے ملک اور ریاست کی ترقی،امن و امان اور یکجہتی کے مزید فروغ کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں عازمین حج کو تلقین کی کہ وہ دؤران حج دیگر غیراہم کاموں میں وقت ضائع نہ کریں بلکہ زیادہ سے زیادہ وقت عبادات میں صرف کریں۔
صدر حج کمیٹی ضلع وقارآباد محمدمنصورکریم کی زیرصدارت منعقدہ اس حج تربیتی کیمپ سے صدرنشین کھادی بورڈ جناب محمد یوسف زاہدمظاہری اور حافظ محمد فیاض علی ڈائرکٹر المیزان ٹورس اینڈ ٹراویلس حیدرآباد نے عازمین حج کو احرام باندھنے کے طریقہ سے اور ساتھ ہی ارکان حج کے تمام امور سےتفصیلی طور پر اور آدابِ مکہ و مدینہ کے متعلق تفصیلی رہنمائی کی اور انہیں تلقین کی کہ ادب اوراحترام کے ساتھ اس سفر حج کی تکمیل کریں۔
انہوں نے اس حج تربیتی کیمپ سے اپنے خطاب میں کہاکہ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور اللہ سبحانہ تعالیٰ کے میزبانوں کو چاہئے کہ وہ میزبان کے اعتبار سے سفر کی قدر کریں اور وقت ضائع نہ کریں۔قرآن اور حدیث کی رؤشنی میں حج و عمرہ کے مسائل اور ان کی ادائیگی کے طریقہ کار کوتفصیلی طور پر بیان کیا۔
حافظ محمد فیاض علی ڈائرکٹر المیزان ٹورس اینڈ ٹراویلس حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقارآباد ضلع کے عازمین حج اپنی روانگی سے 48 گھنٹے قبل حج ہاؤز پہنچ کر رپورٹ کریں۔ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ رپورٹ کرنے کے بعدضلع وقارآباد کے تمام عازمین حج،حج ہاؤز حیدرآباد میں ہی قیام کو ترجیح دیں۔جہاں ان کا کوویڈ ٹسٹ بھی ہوگا اور عازمین کے قیام و طعام کے لیے حج ہاؤز میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
حافظ محمد فیاض علی نے اس موقع پر بتایا کہ وقارآباد ضلع کے عازمین حج کی فلائٹس 25 اور 26 جون کوحیدرآباد کے انٹرنیشنل ایرپورٹ سےروانہ ہوں گی۔قبل ازیں تمام عازمین حج کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی گئی اور اس موقع پر مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے بطور تحفہ جاری کردہ فی کس دو سوٹ کیس عازمین حج کے حوالے کیے گئے۔

ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے عازمین حج کے اس تربیتی کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اردو لکھنا سیکھ رہے ہیں۔ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نے اس حج تربیتی کیمپ میں شریک تمام علماکرام اورمسلم ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئےعازمین حج سے اپیل کی کہ وہ حج کے دؤران ملک،ریاست اورضلع وقارآباد میں قومی یکجہتی کے مزید فروغ اور امن و امان کی برقراری کے لیے مقدس سرزمین پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
اس حج تربیتی و ٹیکہ اندازی کیمپ میں و وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات سے 39 مرد اور خاتون عازمین حج نے شرکت کی۔
بعدازاں ڈاکٹرمحمد عامر، ڈائرکٹر تانڈور نرسنگ ہوم نے مرد عازمین حج کو اور ڈاکٹرمحترمہ ڈاکٹر سارہ مسرور (گورنمنٹ ضلع ہسپتال) نے خاتون عازمین حج کو ٹیکے دئیے۔

اس حج تربیتی کیمپ میں امیرمنتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمدخورشیدحسین،نائب صدر حج کمیٹی وقارآبادضلع محمدجمیل احمد،جنرل سیکریٹری عبدالرحمن مجاہدی،صدرمسلم ویلفیئراسوسی ایشن تانڈورمحمد بابر،نائب صدر ایم اے علیم شلو،جنرل سیکریٹری مولانامحمدعثمان غنی،مولانا محمدخلیل الرحمن محمدی،محمدخواجہ (پاشاہ بھائی)،عبداللہ مجاہدی،سیدعبدالغفورپاشاہ،ایم اے ستار مجاہدی(گولکنڈہ)،شوکت پٹیل،سابق رکن بلدیہ سیدزبیر پاشاہ ،فاروق ساحلؔ،محمد مظہر گورارم،محمدخلیل اللہ شریف کےعلاوہ دیگر شریک تھے۔اس حج تربیتی و ٹیکہ اندازی پروگرام کی نظامت کےفرائض مولانا حافظ و قاضی سیدسلیمان قاسمی جنرل سیکریٹری مجلس اتحادلعلماء والحفاظ تانڈورنے انجام دئیے۔

