حیدرآباد سے بنگلورمنتقل کیا جارہا تین کروڑ روپئے مالیتی 7 کلوسونا ضبط، دو گرفتار
کرنول/حیدرآباد :11۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
اسپیشل انفورسمنٹ بیورو(ایس ای بی) کے عہدیداروں نے آج پڑوسی ریاست آندھرا پردیش ضلع کرنول کے قریب ایک چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دؤران ایک کار سے سات کلو سونا کے زیورات اور دس لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کرلی ہے اور اس سلسلہ میں دو افراد کو تحویل میں لیکر تفتیش میں مصروف ہے۔

ریاست آندھراپردیش کے کرنول ضلع کے پنچا لنگا چیک پوسٹ پر اسپیشل انفورسمنٹ بیورو،کرنول کے عہدیداروں کی ٹیم آج اتوار کی صبح گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی کہ حیدرآباد سے بنگلور جارہی ایک کار کو روک کر اس کی تلاشی لی تو اس میں سے اتنی بڑی مقدار میں سونا کے زیورات اور دس لاکھ روپئے کی نقد رقم برآمد ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ اتنی بڑی مقدار میں یہ سونا کے زیورات غیر قانونی طریقہ سے حیدرآباد سے بنگلور منتقل کیے جارہے تھے۔جس کی مالیت تین کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔
اس سلسلہ میں سات کلوسونا اور دس لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرتے ہوئے ایس ای بی کے عہدیداروں نے کار میں موجود دو افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔اور ان سے اس سونا کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔
گزشتہ سال اسپیشل انفورسمنٹ بیورو(ایس ای بی) نے اپنے دھاؤوں کے دؤران غیر قانونی طورپر اسمگل کیا جانے والے 22.543کلو سونا اور213.252 کلوکے حامل زیورات کے علاوہ بڑی مقدار میں ممنوعہ نشیلی ادویہ کا بڑا ذخیرہ بھی ضبط کیا تھا۔
نیشنل ہائی وے 44 پر موجودپنچالنگا ، کرنول چیک پوسٹ پرجو کہ تلنگانہ ، آندھرا اور کرناٹک کوجوڑتا ہےپر ایس ای بی اور پولیس کی مستعدی کے باعث تینوں ریاستوں کو اسمگل کیا جانے والے ہیرے ،جواہرات ،سونا ، چاندی ، گانجہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی ضبطی عام بات ہے۔