ریل کی پٹریوں پرلیٹ کر موبائل فون پر بات کرنے والی لڑکی
اوپر سے پوری مال گاڑی گزرگئی مگر گفتگو کا سلسلہ جاری رہا
سوشل میڈیا پر حیرت انگیز ویڈیو وائرل
نئی دہلی: 16۔اپریل(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
آج کل لوگ موبائل فون پر بات کرنے میں اتنے مصروف ہو جاتے ہیں کہ انہیں اپنے اردگرد کیا ہورہا ہے اس کی بھی کوئی خبر نہیں رہتی۔کئی بار لوگ گاڑی چلاتے ہوئے موبائل پر بات کرتے رہتے ہیں اور وہ اپنا راستہ بھول جاتے ہیں یا پھر توازن کھوکر گرجاتے ہیں
اور بہت سے لوگ موبائل فون پر چیاٹنگ کرتے ہوئے یا ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے سڑک پر چلتے ہیں اور وہ یہ بھی نہیں سوچتے کہ ان کی اس لاپرواہی اور غیرذمہ داری کی وجہ سے ان کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آ سکتا ہے۔اکثر ایسے واقعات اور حادثات دیکھنے میں آتے ہیں جب لوگ موبائل فون پر بات کرتے ہوئے حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں۔گاڑیاں چلاتے وقت یا سڑک پر پیدل چلتے وقت اس طرح کی لاپرواہی زیادہ تر جان لیوا ثابت ہوتی ہے!
سوشل میڈیا کےمختلف پلیٹ فارمز پر ایک لڑکی کا ایسا حیرت انگیز،ناقابل یقین اور رؤنگھٹے کھڑے کردینے والا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لڑکی ریل کی پٹریوں کے درمیان لیٹی ہوئی ہوئی کسی سے موبائل فون پر اتنی محوگفتگو ہے کہ اس کے اوپر سے پوری مال گاڑی گزر جاتی ہے اور مال گاڑی کے گزر جانے کے بعد بھی یہ لڑکی بلا کسی خوف آرام کے ساتھ اپنے کپڑےجھٹکتے ہوئے موبائل فون پر بات جاری رکھتے ہوئے ریلوے ٹریک سے اٹھتی ہے!ویڈیو دیکھ کرمحسوس ہوتا ہے کہ اس کو اس بات کا بھی شاید احساس نہیں ہوا ہوگا کہ اس کے اوپر سے کئی ڈبوں کی حامل مال گاڑی گزرگئی۔!!
اس لڑکی کے رؤنگھٹے کھڑے کردینے والے اس حیرت انگیز ویڈیو کو آئی پی ایس افسر دیپانشو کابرا Dipanshu Kabra@ جو کہ ریاست چھتیس گڑھ میں کمشنر پبلک ریلیشن اور ٹرانسپورٹ کمشنر ہیں نے ٹوئٹر پر اپنے مصدقہ ہینڈل سے 12 اپریل کو شیئر کیاہے۔اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے مزاحیہ کیاپشن لکھا ہے کہ”فون پر گپ شپ زیادہ ضروری ہے”۔
یہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہا ہے جس پر ویڈیو پرسوشل میڈیا صارفین مختلف کمنٹس کررہے ہیں۔ٹوئٹر پر ایک خاتون نے اس ویڈیو پر کمنٹ کیا ہے کہ” ہوسکتا ہے کہ یہ ایک تماشہ ہے،اگر نہیں تو پھر ایسی حرکتوں کی تشہیر نہیں کرنا چاہئے!”۔آئی پی ایس عہدیدار دیپانشو کابرا کی جانب سے ٹوئٹ کیے گئے اس ویڈیو کو اب تک 1,64,300 ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔
اس لڑکی کے اس حیرت انگیز ویڈیو کوانسٹاگرام پر meemlogy@کے اکاؤنٹ سے”دومنٹ رُک ٹرین آئی تھی"کے کیاپشن کے ساتھ پوسٹ کیا گیا ہے۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوپایا ہے کہ یہ ویڈیو کہاں کا ہے؟ انسٹاگرام پر آج پوسٹ کیے گئے اس ویڈیو کو 69,045 صارفین نے دیکھا ہے اور سینکڑوں نے لائیک کرتے ہوئے مختلف کمنٹس کیے ہیں۔

