حیدرآباد: چندرائن گٹہ پولیس نے ایک کار سے چار کوئنٹل گانجہ ضبط کرلیا،چار گرفتار ،تین فرار
حیدرآباد:03۔ستمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
چندرائن گٹہ پولیس نے ایک کار سے چار کوئنٹل 400 کلو گرام گانجہ ضبط کرتے ہوئے تلنگانہ کے کھمم سے مہاراشٹرا کے ناندیڑاس گانجہ کو منتقل کرنے میں مصرو ف حیدرآباد چندرائن گٹہ،یاقوت پورہ اوراور شمس آباد کے ساکن چار افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر تین افراد مفرور ہیں۔
انسپکٹر چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کے این پرساد ورما کے بموجب چندرائن گٹہ کی جی ایم کالونی کے ساکن اظہر علی 36سالہ،مظہر علی32سالہ،یاقوت پورہ علاقہ کے ساکن فیروز40سالہ اورشمس آباد کے ساکن اشرف پاشاہ 24سالہ مہندرا ایکس وی کا نمبر TS07 GA 2390 کے ذریعہ 2 ستمبر کی صبح کی اولین ساعتوں میں چار بجے کھمم سے ناندیڑ گانجہ منتقل کررہے تھے۔

پولیس کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع حاصل ہونے کے بعد چندرائن گٹہ پولیس نے دھاوہ منظم کرتے ہوئے نلا واگو کے قریب ٹھہری ہوئی کار کی تلاشی لی اور تلاشی کے دؤران اس کار میں 8 تھیلوں میں موجود چار کوئنٹل 400 کلو گانجہ موجود تھا جسے ضبط کرتے ہوئے کار میں موجود مذکورہ چاروں اظہر علی، مظہر علی ، فیروز اور اشرف پاشاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
انسپکٹر چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن پرساد ورما نے بتایا کہ اس معاملہ ملوث مزید تین افراد فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔اور چاروں گرفتار شدگان کو عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرکے چندرائن گٹہ پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ 29 اگست کو نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) حیدرآباد اور بنگلور کے عہدیداروں نے مشترکہ کارروائی انجام دیتے ہوئے آؤٹر رنگ روڈ کے ٹول پلازہ پر ایک ٹرک کی تلاشی کے ذریعہ 3,400 کلو گانجہ ضبط کرلیا تھا جسے 141 تھیلوں میں پیاک کرکے تاڑپتری ڈالی گئی تھی اور ان پر پودے رکھے گئے تھے۔ضبط شدہ گانجہ کی مالیت 21 کروڑ روپئے بتائی گئی تھی اور اس سلسلہ میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اطلاع ہے اس معاملہ کے اصل سرغنہ کو بھی این سی بی نے گرفتار کیا جس کا تعلق مہاراشٹرا ہے! جو اپنے ریاکٹ کے ذریعہ اڑیسہ اور آندھراپردیش سے گانجہ براہ تلنگانہ مہاراشٹرا اور کرناٹک اسمگلنگ کیا کرتا تھا!

