حیدرآباد میں شدید بارش ،نشیبی علاقے،کالونیز اور سڑکیں زیر آب،کئی گاڑیاں بہہ گئیں،ٹریفک نظام مفلوج

ریاستی خبریں قومی خبریں

حیدرآباد میں شدید بارش،نشیبی علاقے،کالونیز اور سڑکیں زیر آب،کئی گاڑیاں بہہ گئیں،ٹریفک جام
مزید بارش کی پیش قیاسی،ڈائرکٹر ای وی ڈی ایم جی ایچ ایم سی کا ٹوئٹ،عوام کو مکانات میں رہنے کی ہدایت

حیدرآباد:02۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن کے کئی علاقوں میں جمعرات کی رات شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، کئی مقامات پر ٹریفک جام ہونے سے عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔

رات 8 بجے دفاتر، خانگی اداروں اور مختلف مقامات سے اپنے مکانات واپس ہونے والوں کے لیے اس دھواں دھار اور شدید بارش کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

رات 8 بجے سے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی یہ دھواں دھار اور شدید ترین بارش زائد از ڈھائی گھنٹوں تک سارے شہر کو شرابور کرگئی اور اس کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اس بارش کے دؤران کئی علاقوں میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی۔

یہ ویڈیو یوسف گوڑہ علاقہ کا بتایا گیا ہے۔

حیدرآباد کے علاقوں ہمایوں نگر،آصف نگر،وجئے نگر کالونی،ملے پلی،عابدس،نامپلی،معظم جاہی مارکیٹ،کوٹھی،ملک پیٹ،لکڑی کا پُل ،سکندرآباد ،پنجہ گٹہ،جوبلی ہلز،ہائی ٹیک سٹی، ٹولی چوکی،مہدی پٹنم،مانصاحب ٹینک،یوسف گوڑہ،بابا نگر،تالاب کٹہ،یاقوت پورہ،ایل بی نگر،چمپا پیٹ،چندا نگر،امیر پیٹ،بیگم پیٹ،سوماجی گوڑہ،کونڈا پور،کوکٹ پلی،مادھاپور اور بالا نگرسمیت کئی علاقوں میں دھواں دھار اور شدید ترین بارش کے باعث زیر آب آجانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور جدھر کی گاڑیاں ادھر ہیں۔

کئی مقامات پر سڑکوں پر گاڑیاں کشتیوں کی مانند تیر رہی ہیں اور کئی مقامات گاڑیاں،ٹھیلہ بنڈیاں اور دیگر اشیاء بارش کے پانی میں بہہ گئی ہیں۔

جبکہ حیدرآباد اور سکندرآباد کے کئی مقامات پر اپارٹمنٹس کے سیلرس،کالونیوں اور بستیوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ 
اسی دؤران محکمہ موسمیات نے رات میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

ڈائرکٹر آف انفورسمنٹ ،ویجلنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ شدید بارش کا سلسلہ مزید جاری رہے گااور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مکانات تک ہی محدود رہیں۔اور ہنگامی حالات میں کسی بھی طرح کی مدد کے لیے 29555500-040 پر کال کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوکٹ پلی ، جوبلی ہلز شیخ پیٹ اور یوسف گوڑہ میں 7 سنٹی میٹر،خیریت آباد ،سری نگر کالونی ،رنگاریڈی نگرمیں 6 سنٹی میٹر ،بالا نگر میں 6.8 سنٹی میٹر ،قطب اللہ پور میں 5.7 سنٹی میٹر ،موسیٰ پیٹ اور مادھاپور میں 4.5سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

۔۔۔۔

(ویڈیوز سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم سے لی گئی ہیں،اور تصاویر ان کے اسکرین شاٹ ہیں)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے