پانچ لاکھ روپئے یا اس سے زائد رقم کا چیک جاری کرنے سے قبل بینک کو لازمی طور پر مطلع کرنا ہوگا
ممبئی: 02۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
اگر آپ کسی کو پانچ لاکھ روپئے یا اس سے زائد رقم پر مشتمل چیک جاری کررہے ہیں تو اب آپ پر لازمی ہوگا کہ آپ اس کی اطلاع اس چیک کے بینک تک پہنچنے سے قبل بینک عہدیدار کو اطلاع دیں ورنہ آپ کا چیک باؤنس ہوجائے گا۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے پہلے یہ گائیڈ لائن 50 ہزار روپے کے چیک کے لیے تھی تاہم اب اس کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 5 لاکھ روپئے کر دیا گیا ہے۔
بینک کل یکم ستمبرسے ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی) کے نافذ کردہ نئے اصول پر عمل آوری کا آغاز بھی کردئیے ہیں،جس میں کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ ہولڈر کو 5 لاکھ روپئے اور اس سے زیادہ کا چیک جاری کرتے وقت اپنی بینک برانچ کو مطلع کرنا ہوگا اگر بینک کو آپ کی جانب سے جاری کردہ پانچ لاکھ روپئے مالیتی چیک کی اطلاع نہیں دی جاتی ہے تو آپ کا چیک باؤنس ہو جائے گا۔اگر بینک میں چیک قبول نہیں کیا جاتا ہے تو اس کے لیے اکاؤنٹ ہولڈر پرچارج کیا جائے گا۔
ریزرو بینک آف انڈیا کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی کے واقعات کو روکنے کے لیے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر آر بی آئی نے یہ لازمی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
آر بی آئی کی جانب سے عائد اس لزوم پر بینکنگ شعبہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے لزوم سے بینک صارفین پریشان ہیں اور دیگر کا کہنا ہے کہ اس سے بزرگ شہریوں کو تکلیف ہوگی۔
ایک بینک مینیجر نے میڈیا سے کہا کہ اکاؤنٹ ہولڈر چیک جاری کرنے سے پہلے بینک برانچ منیجر یا متعلقہ افسر کو اطلاع دے۔اکاؤنٹ ہولڈر ایسی اطلاع ای میل یا فون کال کے ذریعہ یا بینک کو جاکر اس کی اطلاع دے سکتے ہیں۔
اگر بینک کو کسی بھی طرح پانچ لاکھ روپئے مالیتی چیک کی اجرائی سے متعلق اطلاع نہیں دی جاتی ہے تو پھر بینک صارفین کا چیک قبول نہیں کریں گے۔
ایک اور بینک منیجر نے میڈیا سے کہا کہ چند بینک عہدیدار بڑی رقم پر مشتمل چیک آتا ہے تو اکاؤنٹ ہولڈر کو کال کرکے تصدیق کرتے ہیں کہ آیا انہوں نے اتنی رقم کا چیک جاری کیا ہے یا نہیں؟ اگر اکاؤنٹ ہولڈر انکار کرتے ہیں تو اس چیک کو روک لیا جاتا ہے اور بینک کوئی رقم جاری نہیں کرتا۔ یہ طریقہ اکاؤنٹ ہولڈرس کو دھوکہ بازوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔انہوں نے کہا آر بی آئی کی اس نئی گائیڈ لائن کی وجہ سے کئی چیک کلیئرنس کے لیے روک دیے گئے ہیں۔
اس سلسلہ میں ایک اوربینک ملازم نے کہا ہنگامی حالات میں رقم بھیجنے کے لیے بینک صارف NEFT یا RTGS کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں تاہم NEFT اکاؤنٹ ہولڈرس کے لیے آن لائن بینکنگ کی سہولیات ہونی چاہیے اور زیادہ تر بزرگ شہری اس سے ناواقف ہوتے ہیں اور اس کے لیے بزرگ شہریوں کو بینک جانا ہوگا اور فارم پُر کرنا ہوگا اور یہ ان کے لیے پریشانی کا باعث ہوگا۔