جاریہ ماہ کے اواخر تک سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا
اگلے سال مارچ تک تکمیل،اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد وزیر داخلہ محمدمحمودعلی کااعلان
حیدرآباد :12۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
دفتر وزیر داخلہ تلنگانہ سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمودعلی نے سکر یٹریٹ مساجد کی تعمیرکے سلسلہ میں آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں حکومتی مشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خاں، آکار آرکٹکچرکے نمائندہ اور ایگزیکٹیو انجنئیرحفیظ الدین فاروقی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیرداخلہ نے مساجد کے تمام نقشہ جات کا معائنہ کیا اور تفصیلات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد کہا کہ حکومت تلنگانہ اور وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ اس معاملہ میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں اور وزیراعلیٰ نے پہلے ہی کہا ہے کہ مساجد کی تعمیرات میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کا نقشہ تیار کرلیا گیا ہے جو ترکی کی مساجد کے طرز پر ہے اور دونوں مساجد خوب صورت تیار ہورہی ہیں اور ملک بھر میں اس طرز کی مساجد شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ سیکریٹریٹ کی بڑی مسجد 2500 مربع فیٹ پر بنائی جارہی ہے جس میں بیک وقت 400 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں جبکہ مسجد کے باہر کھلی جگہ میں سینکڑوں افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

جبکہ چھوٹی مسجد 400 مربع فیٹ پر تعمیر کی جارہی ہے۔ وزیرداخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ بڑی مسجد کے وضو خانہ کے پہلے فلور پر مسجد کے امام کے لیے ایک مکان بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ انہیں قیام کی سہولت ہو اور نمازیں اور دیگر عبادات وقت مقررہ پر ادا ہوں۔جبکہ خواتین کی سہولت کیلئے بڑی مسجد میں نظم کیا جارہا ہے جہاں وہ نماز اداکرسکیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیاتھا کہ سیکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کے میناروں سے اذان کی صدائیں بلند ہوں گی وہ اس وعدہ پر قائم ہے اوراس کو پورا کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے افتتاح کے بعد ہی سیکریٹریٹ کی عمارت کا افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں مساجد کا سنگ بنیاد مفتیان کرام کے دستِ مبارک سے رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ جاریہ ماہ جون کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور 9 ماہ میں یعنی مارچ 2022 تک دونوں مساجد کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے سیکریٹریٹ کے احاطہ میں بہترین اور خوبصورت مساجد کی تعمیر کے فیصلے پر وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا۔

