سابق چیف منسٹر اتر پردیش ملائم سنگھ یادو کی سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات ادا، اہم سیاسی قائدین،شخصیتوں اور ہزاروں عوام کی شرکت

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

سابق چیف منسٹر اتر پردیش ملائم سنگھ یادو کی سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات ادا
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا،وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، تلنگانہ،راجستھان اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹرس
سیاسی قائدین،فلم اداکار،ارکان پارلیمان،دیگراہم شخصیتوں کے علاوہ ہزاروں عوام کی شرکت

لکھنؤ:11۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

سابق چیف منسٹر اترپردیش،بانی سماج وادی پارٹی اور ممتاز سیاسی بزرگ رہنما ملائم سنگھ یادو جن کا کل 10 اکتوبر کو 82 سال کی عمر میں گروگرام کے میدانتا ہسپتال میں دؤران علاج انتقال ہوگیا تھا۔جہاں انہیں 26 ستمبر کو یورین انفیکشن،بلڈ پریشر اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر داخل کروایا گیا تھا۔

تین مرتبہ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے چیف منسٹر اور مرکزی وزیر دفاع کے عہدہ پر فائز رہنے والے اور اقدار پر مبنی سیاست و شخصیت کے مالک و عوامی رہنما ملائم سنگھ یادو کی آج 11 اکتوبر کو ان کے آبائی گاؤں سیفئی میں شام 4 بجے مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دی گئیں۔

ان کے فرزند و سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے ان کی چتا کو آگ دکھائی۔کل سے سیفئی کےمیلہ میدان میں ملائم سنگھ یادو کے جسد خاکی کودیکھنے کے لیے ایک بڑی بھیڑ پہنچ رہی تھی۔جن میں سیاسی قائدین،فلم اداکار،سماجی شخصیتوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے سیفئی پہنچ کرنعش کا دیدار کیااور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔جن میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہیں۔اترپردیش حکومت نے ملائم سنگھ یادو کےانتقال پر ریاست میں تین روزہ سوگ کااعلان کیا ہے۔

آج ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں اسپیکر لوک سبھا اوم برلا،وزیردفاع راج ناتھ سنگھ،تلنگانہ،راجستھان اور چھتیس گڑھ چیف منسٹرس کے۔ چندراشیکھرراؤ،اشوک گہلوٹ اور بھوپیش بگھیل ،بی جے پی لیڈر ریٹا جوشی بہوگنا،رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی،بزرگ سیاسی قائد،سابق مرکزی وزیر و این سی پی سربراہ شرد پوار،سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش و سربراہ تلگودیشم پارٹی سربراہ چندرابابو نائیڈو،سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ،کانگریس کے صدارتی امیدوار ملکارجن کھرگے،صنعت کار انیل امبانی،

بہارکے نائب وزیراعلی تیجسوی یادو،بابا رام دیو اور پی ایس پی سربراہ شیو پال یادو کےعلاوہ سماج وادی رکن راجیہ سبھاجیہ بچن ان کے اداکار فرزند ابھیشیک بچن کےبشمول مختلف ریاستوں اور اترپردیش سےتعلق رکھنےوالے ارکان پارلیمان،ارکان اسمبلی،سماجی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے نم آنکھوں کے ساتھ سیاسی اقدار کی مالک و نیتاجی کے طور پرمشہور شخصیت ملائم سنگھ یادو کو آخری وداعی دی۔

رکن لوک سبھا،سماج وادی پارٹی کے بانی و سرپرست،سابق چیف منسٹر اترپردیش،سابق مرکزی وزیر دفاع اور ممتاز سیاسی رہنما ملائم سنگھ یادو 22 نومبر 1939ء کو سوغرسنگھ یادو اور مورتی دیوی کے گھر سیفئی موضع،ایٹاوہ ضلع میں پیدا ہوئےتھے۔سوشلسٹ سوچ کے حامل ملائم سنگھ یادو لوک سبھا میں حلقہ مین پوری کی نشست مین پوری کی نمائندگی کرتے تھے۔ماضی میں وہ اعظم گڑھ،کنوج اورسنبھل کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

اپنے 60 سالہ سیاسی سفر کے دؤران ملائم سنگھ یادو سات مرتبہ بحیثیت رکن لوک سبھا اور دس مرتبہ اترپردیش سے رکن اسمبلی اور تین مرتبہ چیف منسٹر منتخب ہونے کا ایک ریکارڈ رکھتے ہیں۔1967 میں وہ پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے مڑکر نہیں دیکھا۔1975ء میں اندرا گاندھی کی جانب سے نافذ ایمرجنسی کے دؤر میں گرفتار ملائم سنگھ یادو 19 ماہ تک جیل میں رہے۔

ملائم سنگھ یادو نے 1989ء ، 1992 اور 2002 میں چیف منسٹر اترپردیش کا عہدہ سنبھالا تھا۔6 ڈسمبر 1992 کو بابری مسجد کی شہادت کے بعد 1993 میں ہونے والے فسادات کے دؤران ہندو دائیں بازو کے ہجوم پر یوپی پولیس کی جانب سے گولیاں چلائے جانے کے بعد زعفرانی گروپ نے انہیں ” ملّا ملائم ” کا لقب دیا تھا۔

2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ملائم سنگھ یادو مین پوری حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ملائم سنگھ یادو کو ایک اُصول پسند اور سیاسی اقدار کے حامل سیاسی رہنما کے طور پر دیکھاجاتارہا جنہیں پارٹی کارکنوں نے”نیتا جی” کا لقب دیا تھا۔ملائم سنگھ یادو ریاست اترپردیش اور ملک کی سیاست میں ایک قدآور لیڈر کی شبیہ رکھتے تھے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے