گجرات کی سڑک پرشیروں کی آزادانہ گشت، خوبصورت نظارہ،ویڈیوس سوشیل میڈیا پر ہوئے وائرل

گجرات کی سڑک پر شیروں کی آزادانہ گشت

خوبصورت نظارہ ، ویڈیوس سوشیل میڈیا پر ہوئے وائرل

احمدآباد: 06۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

شیر کو جنگل کے بادشاہ کی حیثیت حاصل ہے۔انسان شیروں کو دیکھنے کیلئے باقاعدہ انٹری فیس ادا کرکے زو میں پنجروں میں قید دہاڑتے ہوئے شیروں کو دیکھنے جاتے ہیں یا پھرسفاری پارکس میں خود کو پنجرہ والی گاڑی میں قید کرکے بھی خوفزدہ حالت میں ہی انہیں شوق سے دیکھتے ہیں۔

سوچیں اگر رات کے وقت کھلی سڑک پر ایک نہیں،دو نہیں بلکہ پورے پانچ شیر آرام کے ساتھ گشت کرتے ہوئے نظر آجائیں تو اطراف میں موجود لوگوں کی حالت کیا ہوجائے گی؟

جی ہاں گجرات کے احمد آباد ضلع میں سڑک پر گشت کرنے میں مصروف پانچ شیروں کو دیکھ کر ان علاقوں کے عوام کے اؤسان ہی خطا ہوگئے!

اس انوکھے واقعہ کے ویڈیو س مشہور مائیکرو بلاگر ٹوئٹر سمیت سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وائرل ہوگئے ہیں۔ایک طرف یہ نظارہ خوفناک بھی ہے تو دوسری جانب سڑکوں پر گزرتے ہوئے شیر ایک خوبصورت منظر بھی پیش کررہے ہیں۔

امریلی،گجرات کی پپاولی روڈ پر بلاء کسی خوف آرام کے ساتھ چلتے ہوئے قریبی بندرگاہ کے علاقے میں داخل ہوئے ایک ساتھ پانچ شیروں کے اس قافلہ کو دیکھ کر بندرگاہ پر موجود ملازمین کے بھی اؤسان خطا ہوگئے۔

بتایا جارہا ہے کہ غذاء کی تلاش میں یہ پانچ شیر انسانی علاقوں میں داخل ہوئے تھے۔

شیروں کی گشت کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے:

سوشیل میڈیا پر وائرل ایک حیرت انگیز ویڈیو میں پانچ شیروں کو باآسانی دیکھا جاسکتا ہے جو کہ سڑک کے کنارے روڈ ڈیوائیڈر کی آہنی جالی کے قریب سے گزر رہے ہیں جن میں دو شیر کے بچے بھی ہیں۔ان شیروں کو شہر میں دیکھ کر دور کہیں کتوں کے بھونکنے کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔

شیروں کی گشت کا دوسرا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے:

جبکہ دوسرے ویڈیو میں بناء عوام کو یا کسی عوامی جائداد کو کوئی نقصان پہنچائے ان شیروں کو سڑک پر چلتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔بعد ازاں عوام کی جانب سے سڑک پر گھومنے والے ان شیروں کی اطلاع محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو دی گئی۔

ان شیروں کے قافلہ کو سڑکوں پر گھومتا دیکھتے ہوئے چند افراد نے ان نظاروں کو اپنے اپنے فونس میں ویڈیوس اور فوٹوز کی شکل میں قید کرلیا اور انہیں سوشیل میڈیا پر پوسٹ کردیا۔

جہاں دیکھنے والے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان خوبصورت نظاروں کی تعریف کررہے ہیں جبکہ شیروں کا اس طرح کھلے عام سڑکوں پر گھومنے کا معاملہ وہاں کے عوام میں بحث کا موضوع بھی بن گیا ہے۔