تلنگانہ کے وزیر کے ٹی آر سے اداکار و مشہور سماجی شخصیت سونو سود کی ملاقات
کے ٹی آر نے سونوسود کی خدمات کی جم کر تعریف کی،یادگار مومنٹو حوالے کیا
حیدرآباد :06۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
فلم اداکارسونوسود سے کون واقف نہیں ہیں! فلموں میں زیادہ تر ویلن کا کردار ادا کرنے والے سونو سود گزشتہ سال کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد اور پھر جاریہ سال کوروناوائرس کی دوسری لہر کے آغاز سے آج تک ضرورت مندوں اور غریب طبقات کی ہر طریقہ سے مدد کرتے ہوئے سرخیوں میں ہیں اور ملک کیساتھ ساتھ ساری دنیا میں ان کی خدمات کی خوب سراہنا کی جارہی ہے۔

سونو سود کو ہرطرف سے بالخصوص سوشیل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمس اور خود میڈیا کا ایک بڑا طبقہ اصلی ہیرو قرار دے رہا ہے۔
آج اسی اصلی ہیرو سونو سود نے حیدرآباد کے پرگتی بھون میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ،آئی ٹی و صنعت کے۔ تارک راما راؤ(کے ٹی آر ) سے ملاقات کی۔اس موقع پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے سونو سود کی مختلف خدمات کی جم کر سراہنا کی۔
اس موقع پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ملک کے کونے کونے سے سونو سود کوملنے والی امداد کی اپیل اور فوری طور پر ان کی جانب سے اس پرعمل سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔کے ٹی آر نے کہا کہ کورونا وباء کے دؤر میں سونو سود کی جانب سے اس طرح بڑے پیمانے پر سماجی خدمت یقیناً لائق صد ستائش ہے۔
اس موقع پر سونو سود نے اپنی ان سماجی خدمات اور مستقبل کے منصوبو ں سے کے ٹی آر کو واقف کروایا۔سونو سود نے کہا کہ وہ اپنی ماں کی جانب سے دی گئیں انسانی خدمات کی تربیت اور تاکیدکے تحت ہی ان خدمات میں مصروف ہیں۔سونوسود نے اس موقع پر حیدرآباد سے انکے گہرے تعلق سے بھی ریاستی وزیر کے ٹی آر کو واقف کروایا۔
بعد ازاں ریاستی وزیر کے ٹی آر کی جانب سے سونوسود کیلئے ظہرانہ بھی ترتیب دیا گیا تھا۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے سونو سود کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے ان کی شال پوشی کی اور انہیں ایک یادگار مومنٹو پیش کیا۔
دوسری جانب کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کے دؤران ملک بھر میں آکسیجن کی قلت کے دؤران سونو سود نے بشمول سنگاپور ملک کے کئی مقامات سے آکسیجن حاصل کرکے عوام اور اسپتالوں تک آکسیجن پہنچا ئی تھی جس میں آندھرا پردیش کا نیلور بھی شامل ہے۔
اس وقت سونوسود نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیلور کے عوام کی سہولت کیلئے نیلور میں ایک آکسیجن پلانٹ قائم کریں گے۔اور اس وعدہ کو سونوسود نے آج پورا بھی کردیا۔
سونو سود کی جانب سے روانہ کردہ آکسیجن پلانٹ آج آندھرا پردیش کے نیلور پہنچ گیا جہاں ایپا گڑی سنٹر پر سونو سود کے مداحوں نے بھاری ٹرک میں لدے اس آکسیجن پلانٹ کا استقبال کیا۔

سونو سود کی تائید میں نعرے لگائے اور جم کر آتشبازی بھی کی۔سونوسود کی جانب سے روانہ کردہ آکسیجن پلانٹ نیلور کے ضلع آتماکورسرکاری میڈیکل کالج میں نصب کیا جائے گا۔

