تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں سڑک حادثہ
پانچ ہلاک،17زخمی،چار کی حالت نازک
حیدرآباد/کاماریڈی: 08۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں آج اتوار کی شام پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سات زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔اس حادثہ میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔کاماریڈی ضلع کے ایلم پلی منڈل کے موضع واسن پلی گیٹ کے قریب یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار لاری نے آٹو ٹرالی کو ٹکر دے دی۔اس ٹرالی آٹو میں جملہ 22 افراد سوار تھے۔
اس حادثہ کے بعد تین مسافرین کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقلی کے دؤران دو افراد زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔اس حادثہ میں جملہ 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔مہلوکین اور زخمیوں کا پٹلم منڈل کے موضع چلارگی سے تعلق ہے۔
مقامی افراد کی اطلاع کے فوری بعد پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی۔بچاؤ کام کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔بتایا جارہا ہے کہ مہلوکین اور زخمی افراد ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے موضع چلارگی واپس ہورہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ایک اور اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں سے سات افراد کی حالت نازک ہے۔مہلوکین کی نعشوں کو بعد پنچنامہ بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

