کرناٹک میں 80 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تین دن قبل ہی افتتاح کیا گیا پہلا تیرتا ہوا بریج ٹوٹ گیا

کرناٹک میں 80 لاکھ روپئے کے صرفہ سے
تین دن قبل ہی افتتاح کیا گیا پہلا تیرتا ہوا بریج ٹوٹ گیا

بنگلورو: 09۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

کرناٹک کے اُڈپی ضلع کے مالپے بیچ (ساحل) پر کرناٹک کا پہلا تیرتا ہوا بریج افتتاح کے تین دن بعد ہی ٹوٹ کر گر گیا۔اس بریج کا افتتاح اُڈپی کے ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ نے جمعہ 6 مئی کو انجام دیا تھا۔بتایا گیاہے کہ طوفانی موسم کی وجہ سے اتوار کو جزوی طور پر ٹوٹنے کے بعد اس تیرتےہوئے بریج کی خدمات کو معطل کردیا گیا ہے۔

80 لاکھ روپئے کے صرفہ سے اس تیرتے ہوئے بریج کی تعمیر کے ذریعہ کرناٹک کے سیاحتی شعبہ کو فروغ دینے کے اقدامات کیے گئے تھے۔سوشل میڈیا صارفین اس ٹوٹے ہوئے بریج کی ویڈیوز اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔وہیں یہ الزام بھی عائد کیا جارہا ہے کہ ناقص تیرتا ہوا بریج تعمیر کیا گیا تھا جو کہ اپنے افتتاح کے تین دن بعد ہی ٹوٹ گیا!!۔

بتایا جاتا ہے کہ ہنومان وٹوبا بھجن منڈلی کی ایک ٹیم نے اس تیرتے ہوئے بریج کے پروجیکٹ کو شروع کیا تھا۔اور یہ بریج مستقل طور پر منسلک نہیں ہے۔اس کی وجہ سے اسے آسانی کے ساتھ منتقل کیا جاسکتا ہے۔اب اس کے ٹوٹ جانے سے ایسے تیرتے ہوئے بریجس کے حفاظتی پہلوؤں پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

جنوبی کرناٹک کے اُڈپی میں یہ واقعہ بنگلورو کے کئی مقامات پر ہونے والی شدید بارش کے ایک دن بعد پیش آیاہے۔اس شدید بارش کے دؤران کئی درخت اکھڑ گئے،کئی سڑکیں زیر آب آگئیں اور ایچ ایس آر لے آؤٹ میں حال ہی میں افتتاح شدہ اٹل بہاری واجپائی اسٹیڈیم سمیت پورے شہر میں کئی بنیادی ڈھانچے منہدم ہوگئے ہیں۔

ٹوٹنے والے اس بریج کی لمبائی 100 میٹر تھی اور یہ 3 میٹر چوڑا ہے یہ بریج  اس پر چلنے والے تقریباً 100 سیاحوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سیاحوں کو بریج پر صرف 15 منٹ ٹھہرنے کی اجازت تھی۔ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ کا کہنا ہے کہ یہ ایک طوفان کا اثر تھا۔تیز ہواؤں کے باعث بریج کے کچھ حصے باہر آگئے ہیں۔وہ اب اسے ٹھیک کروارہے ہیں۔بریج پر سیاحوں کو عارضی طور پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

دوسری جانب اس تیرتے ہوئے بریج کے لیز ہولڈر سدیش شیٹی نے دی نیوز انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اتوار کو طوفانی موسم کے بعد اس بریج کو پہنچنے والے نقصان سے بچنے کے لیے اسے توڑ دیا گیا تھا۔اب ریاست کرناٹک کے اس پہلے تیرتے ہوئے بریج کی مرمت کے کاموں کا آغاز کیا گیا ہے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔