تیسرے محاذ کے قیام کی جانب بڑھتے قدم!!
چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ سے دہلی میں کسان رہنما راکیش ٹکیت
اور بی جے پی ایم پی سبرامنین سوامی کی ملاقات
نئی دہلی:03۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی اور وزیراعظم نریندرمودی کے ساتھ کھل کر دو دو ہاتھ کرنے کے لیے اپنی کمر کس چکے ہیں! اور بی جے پی۔کانگریس مُکت بھارت کے نعرے کے ساتھ ملک میں تیسرا سیاسی محاذ تیار کرنے کے لیےسنجیدہ ہیں۔!
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ اپنے تین روزہ دؤرہ دہلی کے دؤران مختلف سیاسی جماعتوں اور ان کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کررہے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ وہ چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں!!
آج چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ سے کسان رہنما،مرکز کی جانب سے بنائے گئے تین کسان قوانین کی منسوخی تک ایک سال طویل پرامن جدوجہد کا مورچہ سنبھالنے والے اور بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے قومی ترجمان راکیش سنگھ ٹکیت نے نئی دہلی میں ملاقات کی۔

وہیں حیرت انگیز طور پر آج ہی بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی نے بھی چیف منسٹر تلنگانہ سے ملاقات کی اور چیف منسٹر چندرا شیکھرراؤ کی جانب سے نئی دہلی میں ان کی قیام پر ترتیب دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔اس موقع پر ریاستی پلاننگ بورڈ کے وائس چیئرمین ونود کمار اور رکن پارلیمان جے۔سنتوش کمار بھی موجود تھے۔
ماناجار ہا ہے کہ اس ملاقات کے دؤران ملک میں جاری فرقہ پرستی اور مرکز کی بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے بی جے پی کے خلاف ملک کی تمام علاقائی جماعتوں کے سربراہوں اور سیکولر لیڈرس کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔!! کسانوں کے مسائل اور ملک کے دیگر امور اور جاریہ سیاست پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا!
یاد رہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے 20 نومبر کو حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تین کسان قوانین کے خلاف کسانوں کی جدوجہد کے دؤران مرنے والے 750 کسانوں کے خاندانوں کو فی کس تین لاکھ روپئے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا جس کی جملہ رقم 22 کروڑ 50 لاکھ روپئے ہوتی ہے۔
قبل ازیں چف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے بی جے پی ایم پی سبرامنین سوامی کا ان کی رہائش گاہ پہنچنے پر استقبال کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی۔
https://twitter.com/RaoKavitha/status/1499324578975211521
جبکہ رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان نظام آباد محترمہ کے۔کویتا نے کسان رہنما راکیش ٹکیت کا استقبال کیا۔
یاد رہے کہ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ اپنے جلسوں اور پریس کانفرنسوں میں بی جے پی کو اس ملک کے لیے منحوس قرار دیتے ہوئے اس کی ناکامیوں اور من مانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بارہا اپیل کرچکے ہیں کہ ملک کو مزید تباہی سے بچانا ہو تو بی جے پی کے دہلی کے قلعہ کومسمار کرنا ضروری ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ 20 فروری کو مہاراشٹرا کا دؤرہ کرتے ہوئے ممبئی میں چیف منسٹر مہاراشٹرا و شیوسینا چیف ادھو ٹھاکرے اور سینیئر سیاستداں و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) سربراہ،سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا و سابق مرکزی وزیر شرد پوار سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرچکے ہیں۔
بعدازاں ان دونوں چیف منسٹرس نے ممبئی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیا تھا چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ آج ان کی ملاقات بہت ہی بہتر رہی اور کئی معاملات پر دونوں میں اتفاق پایا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں علاقائی پارٹیوں پرمشتمل ایک سیاسی محاذ کی شدید ضرورت ہے اور اس کے لیے ملک کی مختلف ریاستوں کی علاقائی جماعتیں اس سلسلہ میں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گی اور آگے چل کر سب مل کر کام کرنا طئے کیا ہے۔
قبل ازیں کے۔چندراشیکھرراؤ نے گزشتہ سال 14 ڈسمبر کو اپنے افراد خاندان کے ساتھ تمل ناڈو کا دؤرہ کرتے ہوئے تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن اور ان کے افراد خاندان کے ساتھ خوشگوار ملاقات کی تھی۔
بعدازاں گزشتہ ماہ جنوری کے اوائل میں حیدرآباد میں منعقدہ سی پی آئی کے اجلاس میں شرکت کرنے کی غرض سے پہنچے چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجئین کے علاوہ کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ قائدین نے بھی وزیراعلیٰ کے سی آر سے خیرسگالی ملاقات کی تھی۔جن میں سی پی آئی کے قومی سیکریٹری سیتارام یچوری،سابق چیف منسٹر تریپورہ مانک سرکار،پولیٹ بیورو کے ارکان رام چندرن پلّے،بالا کرشنن،ایم اے جے بی،سی پی آئی کے قومی قائدین ڈی۔راجہ،پارلیمنٹری پارٹی قائد رکن پارلیمان بنئے وشوم، وزیر فینانس کیرالا راجن کے علاوہ سی پی آئی تلنگانہ کے قائدین چاڈا وینکٹ ریڈی ،کے۔سامباشیواراؤ اور دیگر شامل ہیں۔اس ملاقات کو بھی اہم مانا گیا تھا۔
پھر 11 جنوری کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ سے حیدرآبادکے پرگتی بھون میں سابق وزیراعلیٰ بہارلالو پرساد یادو کے فرزند تیجسوی پرساد یادو جو کہ بہار اسمبلی میں راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے اپوزیشن قائد ہیں نے دیگر پارٹی قائدین کے ساتھ ملاقات کی تھی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے سابق وزیراعلیٰ بہار لالو پرساد یادو سے فون پر بات کرتے ہوئےان کی صحت کے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کی جلد مکمل صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اُسی ہفتہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے سابق وزیراعظم و جنتادل سیکولر سربراہ دیوے گوڑا سے بھی فون پر بات کی تھی اور ان سے مخالف بی جے پی مخالف کانگریس محاذ کی تشکیل کے لیے ان سے تعاون کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان دو بہ دو ملاقات کے لیے جلد ہی بنگلور پہنچیں گے۔اطلاع ہے کہ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور دیگر غیر بی جے پی اور غیر کانگریسی چیف منسٹرس اور ملک کے دیگر سیاسی قائدین سے بھی جلد ہی ملاقات کرنے والے ہیں!!

