تلنگانہ ۔کرناٹک سرحد پر چنچولی کے کئی مواضعات میں خوفناک آواز کے ساتھ زلزلہ کا جھٹکا،عوام خوف وہراس کا شکار

بین ریاستی خبریں قومی خبریں
تلنگانہ۔کرناٹک سرحد پر چنچولی کے کئی مواضعات میں خوفناک آواز کے ساتھ زلزلہ کا جھٹکا
مکانات کی دیواروں میں شگاف،خوف وہراس کا شکارعوام رات مکانات کے باہر گزارنے پر مجبور

وقارآباد/تانڈور:20۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ اور کرناٹک کی سرحد سے قریب موجود ریاست کرناٹک کے تعلقہ چنچولی،ضلع گلبرگہ کے مختلف مواضعات میں آج شام ساڑھے سات بجے زلزلہ کا زوردار جھٹکا محسوس کیا گیا جس کے دوران خوفزدہ عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔

عوام کا کہنا ہے کہ چنچولی تعلقہ کے کئی مواضعات میں جمعہ کی صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے تین مرتبہ زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے!!

اسی دؤران چنچولی۔گلبرگہ کے درمیان موجود صلح پیٹ کے قریب ہل چیر موضع کے عوام نے تصدیق کی ہے کہ آج شام ساڑھے سات بجے زلزلہ کا زوردار جھٹکا محسوس کیا گیا جس کے دؤران مکانات میں موجود سامان گرنے لگا اور مکانات کی دیواروں میں شگاف پڑگئے۔

 

نڑگندہ اورصلح پیٹ کے درمیان موجود مواضعات میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ہل چیر کے قریبی مواضعات کوڑلی اور گڑھی کیشور مواضعات میں بھی اسی شدت کے زلزلہ کے جھٹکے کی تصدیق کی گئی ہے۔وہاں کے عوام نے بتایا کہ زلزلہ کا یہ جھٹکا خوفناک آواز کے ساتھ محسوس کیا گیا اور خوفزدہ مکین اپنے مکانات سے باہر کھلے مقامات پر نکل آئے۔

موضع ہل چیر میں زلزلہ کے جھٹکے کے باعث شنکرپا سیری نامی شخص کے مکان کی دیوار گرگئی۔

ہل چیر موضع کے ساکن محمدمحمود نے آج رات دیر گئے سحرنیوز ڈاٹ کام سے فون پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ موضع ہل چیر کے ساتھ ساتھ قریبی مواضعات کوڑلی ،گڑھی کیشور، ہوسلی ،کوروی ،بیرنلی اور تیگل چٹی مواضعات میں بھی شام ساڑھے سات بجے شدت کا زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا ہے۔اور خوفزدہ عوام حواس باختہ ہوکر اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔

” زلزلہ کے جھٹکے کے دؤران مکان میں گرتی ہوئیں اشیاء ۔ (ویڈیو) "

محمدمحمود نے رات ساڑھے دس بجے سحر نیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ زلزلہ کا جھٹکا پانچ منٹ تک محسوس کیا گیا اور اس جھٹکے کے بعد سے خوفزدہ عوام اپنے مکانات کے باہر ہی موجود ہیں انہوں نے بتایا کہ اب تک پولیس یا سرکاری عہدیدار موضع تک نہیں پہنچے ہیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ان زلزلہ سے متاثرہ مواضعات میں زیادہ تر مکانات کچے اور پتھروں سے بنے ہوئے ہیں۔

چنچولی تعلقہ ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈورسے 30 کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے جبکہ تانڈور سے 15 کلومیٹر کے فاصلہ پر کرناٹک کی سرحد کا آغاز ہوتاہے۔وہیں تانڈور سے زلزلہ سے متاثر موضع ہل چیر 50 کلومیڑ اور نڑگندہ 40 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ہیں۔

آج شام ساڑھے سات بجے موضع ہل چیر میں موجود چند افراد نے تانڈور میں موجود اپنے رشتہ داروں کو اس زلزلہ ے جھٹکے کی اطلاع دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا تانڈور میں بھی ایسا کوئی زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا ہے؟ تو انہیں بتایا گیا کہ تانڈور میں ایسا کوئی زلزلہ کا جھٹکا محسوس نہیں کیا گیا۔

جبکہ چنچولی مستقر سے تصدیق ہوئی کہ وہاں ایسا کوئی زلزلہ کا جھٹکا محسوس نہیں کیا گیا ہے! وہیں اس سلسلہ میں سرکاری طور پر اب تک اس زلزلہ کے جھٹکے کی اطلاع یا توثیق نہیں کی گئی ہے!۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے