نشہ میں دھت لڑکی کی ہنگامہ آرائی، پولیس عہدیدار کا گریبان پکڑکر ماسک نوچ لیا
لات مارنے کی بھی کوشش،کیاب ڈرائیور سے بھی بدسلوکی،سڑک پر عجیب حرکتیں
ٹوئٹر پر ایک صارف نے اس واقعہ کے 11 ویڈیو ٹوئٹ کیے،ہر طرف سے مذمت
ممبئی:20۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک ایسا چونکا دینے والا ویڈیو وائرل ہوا ہے۔جبکہ ایک ٹوئٹر صارف نے اس واقعہ کے 11 ویڈیوز کی سیریز بھی ٹوئٹ کی ہے(نوٹ: چند ویڈیوز میں فحش گالیاں بھی ہیں)جس میں ایک لڑکی پولیس عہدیداروں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے گالی گلوچ کررہی ہے۔اس موقع پر نشہ میں دھت یہ لڑکی ایک پولیس عہدیدار کا گریبان پکڑ کر انہیں کھینچ رہی ہے اور ساتھ ہی بدتمیزی کرتے ہوئے ان کا ماسک بھی نوچتے ہوئے اپنے ہاتھ میں لے کرکہتی ہے کہ”اوہو اس کے پاس ماسک بھی ہے”۔
اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو نوی ممبئی کا ہے جسے کیاب ڈرائیور اور راہگیروں کی جانب سے ریکارڈ کیا گیا ہے۔جو کہ سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔اور اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں صارفین نے دیکھا۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نشہ میں دھت یہ لڑکی پولیس عہدیدارکے سر کے بال پکڑنے کی کوشش کرتی ہے،بعدازاں اپنے دونوں ہاتھوں سے ان کا گریباں پکڑکر انہیں کھینچتی ہے۔وہاں موجود لوگوں کے اعتراض پر یہ نشہ باز لڑکی اس پولیس عہدیدار کو لات مارنے کی کوشش کرتی ہے تاہم پولیس عہدیدار وہاں سے فوری ہٹ جاتے ہیں۔
اس ویڈیو میں پولیس کی گاڑی کے ساتھ دو تین پولیس عہدیدار بھی نظر آرہےہیں لیکن قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اتنا سب کچھ ہونےکے باؤجود یہ پولیس عہدیدار وہاں بے بس نظر آتے ہیں کیونکہ اس موقع پر ان کےساتھ اس نشہ میں دھت لڑکی کوقابو میں کرنے یا پکڑنے کے لیے کوئی لیڈی پولیس ملازم نہیں تھی۔
اس ویڈیو پر مختلف کمنٹس کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین اس پولیس عہدیدار کے ضبط اور برداشت کی سراہنا کررہے ہیں کہ اتنا سب کچھ کرنے کے باؤجود بھی انہوں اس لڑکی کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ورنہ یہ معاملہ الٹا ہوجاتا۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا یہ جب نامعلوم خاتون اپنی دو خاتون دوستوں کے ساتھ ممبئی میں رات دیر گئے پارٹی میں شرکت کے بعد اولا Ola Cab# کیاب میں سوارتھی۔ان خواتین میں سے ایک جو بہت زیادہ نشے میں تھی نے سفرکے دؤران کیاب ڈرائیور کے ساتھ بدسلوکی شروع کردی اور گاڑی پر قابو پانے کے لیے اسے ایک طرف دھکیلنے کی کوشش بھی کی۔
جب پولیس ہنگامہ آرائی کو دیکھ کر جائے مقام پر پہنچی تو اس نےایک پولیس عہدیدار کا کالر پکڑکر اسے دھمکی دی۔اس وائرل شدہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے اس کے ساتھ موجود ایک اور لڑکی اسے پکڑنے کی کوشش بھی کرتی ہے لیکن وہ قابو میں نہیں آتی ۔اس نشہ میں دھت لڑکی کو سڑک پر لڑھکتے اور سوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف Kungfu Pandey2.0@ نے اس چونکا دینے والے واقعہ کے 11 ویڈیوز کی ایک سیریزشیئرکردی۔جسے لاکھوں ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔ان 11 ویڈیوز میں دیکھا جاسکتاہے کہ خاتون کیاب ڈرائیور کے ساتھ ساتھ ممبئی پولیس کوبھی گالی دے رہی ہے اور اس نے وہاں سے گزرنے والے راہگیروں کو بھی نہیں بخشا۔کیاب ڈرائیور اور پولیس والوں کےکہنے کے بعدبھی خواتین نہیں رکیں اور ان سےیہی برتاؤ کرتی رہیں۔
جیسے ہی کیاب ڈرائیور نے ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کیا اس لڑکی کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے دنیا کو بتائیں کہ Ola/Uber ڈرائیوروں کو کس طرح ہراساں کیا جاتا ہے۔دریں اثنا ان خواتین کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ اگر پولیس فورس اور میڈیا کو بلایا جائے تو بھی ان کے ساتھ کچھ نہیں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 25 مارچ 2022 کا ہے اور تینوں لڑکیوں کے خلاف شراب کے نشے میں امن و امان خراب کرنے کامقدمہ درج کیا گیا ہے۔تاہم یہ ویڈیو کل 19 جون کی رات منظرعام پرآیا ہے۔
اس ویڈیو کو دیکھ کرسوشل میڈیاصارفین اپنےکمنٹس کے ذریعہ شدیدغصہ کااظہار کررہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں محض شہرت کے لیے ایسی حرکتیں کرنا ان دنوں فیشن بن گیا ہے۔

اس واقعہ کے ایک اور ویڈیو کو کل رات ہی ٹوئٹ کرتے ہوئے"Sagar Kumar Sudarshan News@” نے لکھا ہے کہ "ایک اور” پری” کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔دیکھیں کیسے ایک پولیس عہدیدار کی وردی کا کالر پکڑ کر کھڑی ہے۔اور پولیس والا بے بس ہے،کیونکہ وہ جانتا ہے کہ غلطی سے بھی اگر اس نے لڑکی کو ہاتھ بھی لگادیا تو قانون اس کو ہی ناپ دے گا”۔
صرف ان کے اس ایک ویڈیو کو ایک دن میں اب تک 6,16,750 ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔اور یہ ویڈیو 9,754 ری۔ٹوئٹ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل گزشتہ سال 30 جولائی کو لکھنئو کے اودھ سگنل پر ایک کیاب ڈرائیور کو بھی ایک راہ گیر لڑکی نے سگنل پر گاڑی روک کر فلمی انداز میں اچھل کود کرتے ہوئے کیاب ڈرائیور کی خوب پٹائی کی تھی۔اس وقت سوشل میڈیا پراس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔
اس کیاب ڈرائیور کا نام شہادت علی 35 سالہ اور اس نوجوان کو بیچ بازاربے عزت کرتے ہوئے اس کو پیٹنے والی لڑکی کا نام پریہ درشنی یادو تھا۔اس وقت بھی اس کیاب ڈرائیور نے اس لڑکی پر ہاتھ نہیں اٹھایا تھا اورسوشل میڈیا صارفین نے اس کیاب ڈرائیور کی جم کی ستائش کی تھی۔
"لکھنئو میں کیاب ڈرائیور کے ساتھ پیش آئے پِٹائی کے واقعہ کی تفصیلات سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر”
ٹریفک سگنل پر کیاب ڈرائیور کی بے تحاشہ پٹائی کرنے والی لڑکی کے خلاف کیس درج ،ویڈیوس ہوئے وائرل
