انسانوں کی طرح ترکاری اور پھل کی خریدی میں مصروف کتے، سوشل میڈیا پر دلنشین ویڈیو وائرل

وفا کی تلاش تھی صاحب
بازار سے کتا خرید لایا ہوں!!

انسانوں کی طرح ترکاری اور پھل کی خریدی میں مصروف کتے
ٹوئٹر پر 16 لاکھ سے زائد صارفین نے دلنشین ویڈیو دیکھا

حیدرآباد: 18۔جون
(سحرنیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

جانوروں میں سب سے زیادہ وفادار کتے کو مانا جاتا ہے۔اور اکثر خود انسان کسی انسان کی وفاداری کوکتوں کی وفاداری سے تشبیہ دیا کرتے ہیں۔ویسے بھی آج کل انسان اپنوں میں رہ کر بھی خود کو تنہا محسوس کرنے لگا ہے اور اپنی اس تنہائی کو دور کرنے کے لیے اعلیٰ نسل کے کتے اور بلیاں اونچی قیمت پر خرید کر پالنے میں مصروف ہے۔

اکثر گھروں میں کبھی غورکریں بچوں سے لےکر بڑوں تک سب اپنے اپنے موبائل میں مصروف ہوتے ہیں،سوال جواب بھی” ہاں” ۔ "ہوں ” تک محدود ہوتا ہے۔حتیٰ کہ ڈائننگ ٹیبل اور دسترخوان پر بھی ایک ہاتھ میں موبائل اورنظریں اسی پر ہوتی ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ کسی کے پاس کسی مسئلہ پر بات کرنے کے لیے وقت ہی نہیں ہے!

واقعی یہ سچ ہے کہ ہمارا تعلق اس خوش نصیب نسل سے ہے جن کی مائیں آج تک موبائل فون کا استعمال نہیں جانتیں۔کسی سے بات کرنا ہوتو کہتی ہیں کہ فلاں سے بات کرواؤ۔انہیں صرف موبائل پر موجود لال اور ہرا نشان ہی معلوم ہوتا ہے یاپھر بات کےاختتام کے بعد ویسے ہی فون حوالے کردیتی ہیں۔

ان کتوں اور بلیوں کا ماہانہ خرچ بھی کم و بیش کسی انسان کے خرچ سے کم نہیں ہوتا۔انہیں بھی باقاعدہ علاج کے لیے ڈاکٹرزسے رجوع کرنا پڑتا ہے۔اور ان کی دیکھ بھال بھی کسی انسان کے بچے کی طرح کی جاتی ہے۔

کتے اور بلیاں بھی انسانی نفسیات سے بخوبی واقف ہوتے ہیں اور وہ انسانوں کےقرب کے بھوکے ہوتے ہیں۔وجہ چاہے جو بھی ہو یہ ایک حقیقت ہے کہ گزشتہ چندسال سےگھروں میں کتوں اور بلیوں کوپالنے کاشوق بھی پروان چڑھنےلگا ہے۔پہلےکتے گھروں کےباہرباندھے جاتےتھے تاکہ چوروں سے محفوظ رہ سکیں لیکن اب کتے بھی گھروں کے اندر آزادانہ گھومتے،پھرتے،کھیلتےاور بھاری صوفوں پرسوتے ہوئے نظر آنے لگے ہیں۔کیونکہ کتوں کی جگہ اب سی سی کیمروں نے لے لی ہے۔

چند دن قبل امریکہ میں موجود ایک مکان مالک نےحیدرآباد میں موجود اپنے مقفل مکان میں چوروں کے داخل ہونے کامنظر سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سے دیکھ لیا اور فوری اپنے پڑوسیوں کو اطلاع دی۔

خیر گھروں میں پالے جانے والے کتے اور بلیاں باقاعدہ انسانوں کی بات سمجھتے ہیں،زیادہ تر کوباقاعدہ تربیت بھی دی جاتی ہے۔اور یہ بے زبان جانور وہی کچھ کرتے ہیں جو ان کا مالک کہتا ہے۔

ان کی سب سے اچھی عادت یہ پسند کی جاتی ہے کہ یہ پلٹ کر اپنے مالک پر حملہ نہیں کرتے اور نہ ہی کبھی کسی بات پر انسانوں کی طرح بحث و تکرار اور لڑائی پر اتر آتے ہیں!؟!

یہ اپنے مالک سے زبان درازی کرتے ہوئے ان کی توہین بھی نہیں کرتے اور نئی نسل کی طرح کبھی پلٹ کر اپنے مالک سے یہ نہیں پوچھتے کہ "تم نے ہمارے لیے کیا ہی کیا ہے”؟خیر موجودہ دؤرمیں انسانوں اور جانوروں کا چاہے وہ پالتو جانور ہوں یا جنگلی درندے،تقابل مشکل ہے!!
شاید ایسے ہی حالات پر کسی شاعر نے کہا تھا کہ؎

نہ مروت، نہ محبت، نہ خلوص ہے
میں تو شرمندہ ہوں اس دؤر کا انساں ہوکر

سوشل میڈیا ان دنوں مذہبی زہر پھیلانے کا اڈہ بن چکا ہے۔ایک مخصوص مذہب کے ماننےوالوں کےخلاف مختلف طریقوں سے جھوٹ اور نفرت پھیلانا،ان کے مذہب کی توہین کرنا اور ان کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا ذریعہ بن کر رہ گیاہے۔

ایسے ماحول میں بھی سوشل میڈیا کےمختلف پلیٹ فارمز میں کئی خوبصورت،دلکش اور سبق آموز ویڈیوز وائرل ہوتے رہتے ہیں جنہیں دیکھ کر تھوڑی دیر کے لیے انسان اپنی تھکن اور پریشانیاں بھول جاتا ہے۔اور سوشل میڈیا پر ایسے ہی ویڈیوز بہت زیادہ پسند بھی کیے جاتے ہیں۔

ٹوئٹر پر AbyssNature@کے اکاؤنٹ سے دو منٹ 20 سیکنڈ کا ایک ایسا ہی دلچسپ اور دلنشین ویڈیو وائرل ہوا ہے۔اس ویڈیو کو Dog Lovers کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

یہاں سب سے قابل غور بات یہ ہے کہ اس ویڈیو کو چار دنوں کے دؤران 16 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے۔جبکہ اس ویڈیو 6,194 لائیک حاصل ہوئے ہیں اور 1,297 ٹوئٹر صارفین نے اس ویڈیو کو ری۔ٹوئٹ کیا ہے۔جبکہ اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کے 5،468 فالوورس ہیں۔اتنی کم تعداد میں فالوورس ہونے کے باؤجود یہ ویڈیو 16 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے۔اس کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ ایسے ویڈیوز زیادہ پسند کرتے ہیں۔ 

https://twitter.com/i/status/1536612397317705728

ہسپانوی زبان میں "کتے سے محبت کیسے نہ کی جائے؟”کے کیاپشن کے ساتھ موجود اس ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہےکہ دو کتے پلاسٹک کی باسکیٹ اپنے منہ میں پکڑ کرانسانوں کی طرح دکان دکان گھوم کر الگ الگ اؤقات میں ترکاریاں اور پھل خرید رہے ہیں۔

ان کی باسکیٹ میں ان کے مالک نے نوٹ رکھ دئیے ہیں اور دکاندارخواتین ان باسکیٹوں میں کتوں کی جانب سےباقاعدہ ہاتھ رکھ کر بتائی گئی ترکاریاں اور پھل رکھ دیتی ہیں اور ان باسکٹ میں سے مطلوبہ رقم پرمشتمل نوٹ نکال لیتی ہیں۔

ہوسکتاہے کہ ان کتوں کو ان کے مالکین کی جانب سے باقاعدہ اس طرح کی تربیت دی گئی ہوگی۔لیکن ان پالتو جانوروں کی باقاعدہ انسانوں کی طرح خریداری کرنے والا ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی دلچسپی کا باعث بنا ہے۔