وقارآباد ضلع میں رضا خان کے اغوا اور قتل کا معاملہ:
فاسٹ ٹریک کورٹ کے حوالے کرنے اور خاطیوں کو سخت سزاء کا مطالبہ
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے وفد کی ضلع ایس پی سے ملاقات
حیدرآباد/وقارآباد : 04۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
جنرل سیکریٹری جمعیتہ علماءضلع وقارآباد مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں کہاہے کہ گزشتہ دنوں وقارآباد ضلع کے کوڑنگل مستقر میں ایک معصوم دینی مدرسہ کے طالب علم محمد رضاءخان (10سالہ)کے اغواء اور قتل کے دل دہلا دینے واقعہ نے ریاست تلنگانہ اور ضلع وقارآباد کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی نے بتایا کہ اسی ضمن میں گزشتہ شام جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کے ایک وفد نے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی زیر قیادت مقتول معصوم لڑکے کے افراد خاندان کے ساتھ ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس اور ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید سے ملاقات کرتے ہوئے اس کیس کی تفصیلات اور پولیس کی کارروائی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ زائداز نصف گھنٹہ تک ہونے والی اس ملاقات کےدوران جمعیۃ علماءکے وفدنے ضلع ایس پی سےاس معاملہ میں فاسٹ ٹریک عدالت کے ذریعہ خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت سزاء کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
جس پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اس معاملہ میں پولیس کی جانب سے کی جارہی کارروائی سے واقف کرواتے ہوئے تیقن دیا کہ پولیس انتظامیہ اس اغوا اور قتل کے معاملہ میں انتہائی سنجیدہ ہے اور پولیس مکمل غیرجانبداری کے ساتھ اس کیس کی تحقیقات اور کارروائی میں مصروف ہے۔
جمعیتہ علماءضلع وقارآباد کے اس وفد اور مقتول کے افراد خاندان کوضلع ایس پی وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی ریڈی آئی پی ایس نے رضا خان کے اغواء اور قتل میں ملوث تمام مجرمین کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعہ جلد از جلد کارروائی اور سزا اور انصاف کی فراہمی کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ملزم کے موبائل فون کال ریکارڈز اور اس کے کن لوگوں سے روابط ہیں ان تمام پہلوؤں کی مختلف زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے اور مقتول رضا خان کے افراد خاندان کو عدالت کے ذریعہ مکمل انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
بعد ازاں جمعیتہ علماء وقارآبادضلع کے اس وفد نے کوڑنگل میں مقتول کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی اور اہل خانہ کو تیقن دیا کہ حصول انصاف کی اس لڑائی میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد مقتول کے افراد خاندان کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور ضرورت پڑنے پر مجرمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں بھی ساتھ رہنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
اس وفد میں ڈاکٹر حافظ عبدالسلام،مولانا علیم الدین وقارآباد،حافظ یوسف کوڑنگل،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی،مولانا سید فراست علی قاسمی،مولانا اظہر الدین قاسمی،مفتی زین الدین قاسمی وقارآباد،حافظ محمد نصیرالدین کوڑنگل اور حافظ زبیر کرنکوٹ شامل تھے۔
" دس سالہ کمسن رضا خان کا اغواء اور قتل،ضلع وقارآباد میں شدید احتجاج پرمشتمل تفصیلات ان لنکس پر "