گاؤں کی گلیوں میں مگر مچھ کی آزادانہ گشت ،خوف کے مارے دیہاتی پریشان،بھونکتے ہوئے کتے بھی فرار

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

گاؤں کی گلیوں میں مگر مچھ کی آزادانہ گشت

خوف کے مارے دیہاتی پریشان،بھونکتے ہوئے کتے بھی فرار

کرناٹک: یکم۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

مگر مچھ زیادہ تر گہرے پانی میں یا بڑے ڈیم اور سمندروں کے ساحل پر یا پھر زو میں خصوصی طور پر ان کے لیے بنائے گئے حلقوں میں نظرآتے ہیں

لیکن کرناٹک کے ایک گاؤں کی گلیوں میں ایک مگر مچھ نے بناء پانی کے آزادانہ طورپر گشت لگائی اور پورے گاؤں کی سیر کرتے ہوئے اس گاؤں کے عوام کو دہشت میں مبتلاء کردیا۔

وہیں گاؤں کے کتے بھی بھونکتے ہوئے پہلی مرتبہ دیکھی گئی اس عجیب و غریب بھاری بھرکم چار پیر والی مخلوق کو دیکھ کر خوف کے مارے فرارہونے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔

کرناٹک کے سیاحتی علاقہ شمالی کرناٹک کے دنڈیلی کوگیلی بانا گاؤں میں جمعرات کی صبح ایک مگر مچھ داخل ہوگئی جسے دیکھ کر گاؤں کے لوگ جدھر تھے وہیں رک گئے، کئی دیہاتی گلیوں میں گزرتی ہوئی مگرمچھ کو دیکھ کر فرار ہوگئے، گھروں کی کُنڈیاں اندر سے لگالی گئیں اور یوں دیکھتے دیکھتے سارا گاؤں کرفیو زدہ اور سنسان ہوگیا اور مگر مچھ آرام کے ساتھ اس گاؤں کی گشت لگاتی رہی۔

گاؤں کے لوگوں نے فون پر گاؤں میں گھوم رہی اس مگرمچھ کی اطلاع محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو دی جس کے بعد محکمہ جنگلات کی تربیت یافتہ ٹیم گاؤں پہنچی اور اس مگر مچھ کو بحفاظت پکڑلیا بعد ازاں اسے قریبی ڈیم میں لے جاکر چھوڑدیا گیا۔جس کے بعد اس گاؤں والوں نے راحت کی سانس لی۔

گاؤں والوں اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ مگرمچھ کاشی ندی سے بھٹک کر گاؤں میں پہنچ گئی تھی جس نے نصف گھنٹے تک اس گاؤں میں آرام کے ساتھ گشت بھی کی تاہم خوش قسمتی یہ رہی کہ اس مگر مچھ نے کسی پر بھی حملہ نہیں کیا۔

اس واقعہ سے متعلق ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیاہے جس میں آسانی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے کہ مگر مچھ کس طرح گاؤں میں گھوم رہی ہے۔

گاؤں میں گھومتی ہوئی مگرمچھ (ویڈیو)

بتایا جاتا ہے کہ سیاحتی مقام کے حامل دنڈیلی میں ایک مگرمچھ پارک بھی موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ کاشی ندی میں بھی مگر مچھ زیادہ تعداد میں موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے