وقارآباد ضلع میں
نوجوان نے پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں جراثیم کش دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی
وقارآباد/تانڈور: یکم۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد کے یالال منڈل پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں ایک نوجوان نے اپنے ساتھ لائی ہوئی جراثیم کش دواء پی کر خودکشی کی کوشش کی جسے پولیس اور مقامی افراد نے فوری اسپتال منتقل کیا۔
حلقہ اسمبلی تانڈور کے یالال منڈل مستقر کے پولیس اسٹیشن میں آج پیش آئے اس واقعہ نے سنسنی پھیلادی ہے۔
اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق یالال منڈل کے تحت موجود موضع راگھواپور کا ساکن دھنارم سرینواس جو کہ پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے گزشتہ دوسال سے اسی موضع کی ایک لڑکی سے محبت کرتا ہے۔
کل شام جب وہ لڑکی سے بات کررہا تھا تو لڑکی کی ماں نے ان دونوں کو دیکھ لیا اور یالال پولیس اسٹیشن میں نوجوان کے خلاف شکایت درج کروائی کہ وہ اس کی لڑکی کو ہراساں کررہا ہے ۔
اس مسئلہ پر آج دوپہر دونوں جانب کے اور موضع کے ذمہ داروں نے بات چیت کیلئے سرینواس کو پولیس اسٹیشن طلب کیا تھا۔سرینواس پولیس اسٹیشن پہنچا اور یہ کہتے ہوئے روپڑا کہ وہ لڑکی کے بغیر نہیں رہ سکتا اور اسی دؤران اچانک سرینواس اپنے ساتھ لائی ہوئی جراثیم کش دوا پی گیا۔
جسے فوری طور پر تانڈور کے گورنمنٹ ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ابتدائی طبی امدادکی فراہمی کے بعد اس نوجوان کو مزیدبہتر علاج کی غرض سے وقارآباد کے مشینری اسپتال کو منتقل کردیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے اور اس کی صحت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
اس واقعہ کی اطلاع کے بعد سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) جلندھر ریڈی نے یالال پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔
سب انسپکٹر پولیس یالال سریش نے مشینری اسپتال وقارآباد پہنچ کر اقدام خودکشی کرنے والے نوجوان سرینواس کی صحت کے متعلق ڈاکٹرس سے تفصیلات حاصل کیں۔اس واقعہ کے سلسلہ میں یالال پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔