مچھلی کے جال میں مگرمچھ پھنس گئی ،مچھیرے ہوئے پریشان

مچھلی کے جال میں مگرمچھ پھنس گئی،مچھیرے ہوئے پریشان

تلنگانہ/محبوب آباد : یکم۔اپریل (سحر نیوزڈاٹ کام)
روز کی طرح مچھیروں نے مچھلیاں پکڑنے کی غرض سے رات میں موضع کے تالاب میں جال پھینکا تھا،جب صبح مچھیرے واپس اس جال کو کھینچنے لگے تو ان کی حیرت کی کوئی انتہا نہیں رہی کہ جال اتنا وزنی ہوگیا تھا کہ دو چار مچھیروں سے بھی کھینچا نہیں جارہا تھا۔بالآخر زیادہ مچھلیوں کے جال میں پھنسنے کی خوشی میں جب کسی طرح تالاب کے کنارے تک جال کوکھینچا گیا تو یہ دیکھ کر مچھیروں کے ہوش اُڑگئے کہ اس جال میں مچھلیاں نہیں بلکہ ایک مگر مچھ پھنس گئی ہے۔

ضلع محبوب آباد کے گوڈور منڈل کے بامئی کنٹہ میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے بموجب موضع کے ساکن مچھیروں پیساری شیوا ، سوامی اورراملونے روز کی طرح منگل کی رات بھی گاؤں کے تالاب میں اتر کر جال پھیلادیا اور اپنے اپنے مکانات چلے گئے۔

جب چہارشنبہ کی صبح یہ مچھیرے جال واپس نکالنے کی غرض سے تالاب پہنچے اور جال کھینچنے کے دؤران انہیں حیرت ہوئی کہ جال اتنا وزنی کیوں ہوگیا ہے جیسے تیسے ان مچھیروں نے جال کو تالاب کے کنارے تک کھینچ لیا اور اس میں پھنسی ہوئی مگرمچھ کو دیکھ کرانکے ہوش اڑگئے جس میں زائد از 100 کلو وزنی مگر مچھ پھنسی ہوئی تھی انہیں یقین ہی نہیں ہوا کہ جس تالاب میں اترکر وہ روز رات کے وقت جال پھیلایا کرتے ہیں اسی تالاب میں اتنی بڑی مگر مچھ موجود ہے؟

بالآخر دو گھنٹہ کی تگ و دود کے بعد ان مچھیروں نے مگر مچھ پر قابو پاتے ہوئے اسے رسیوں کی مدد سے جکڑدیا بعد ازاں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دی گئی تو محکمہ جنگلات کے عہدیدار تالاب پر پہنچ گئے اور وہاں سے مگرمچھ کولیجاکر ریزروائر میں چھوڑدیا۔