سوشیل میڈیا پر تلنگانہ میں شام 6 بجے سے صبح 8 بجے تک لاک ڈاؤن کی جھوٹی افواہ وائرل کردی گئی
چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،عوام افواہوں پر یقین نہ کریں
حیدرآباد۔یکم۔اپریل (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران کورونامتاثرین کی بڑھتی ہوئی تعدادکے باعث ملک کی کئی ریاستوں میں وبارہ لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو پر عمل کیا جارہا ہے۔
ریاست تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے حکومت اس پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
ایسے میں چند مفاد ات حاصلہ اور غیر ذمہ دار افراد کی جانب سے سوشیل میڈیا بالخصوص وہاٹس ایپ پر اچانک ایک اطلاع پرمشتمل لیٹر کو وائرل کردیا گیا ہے جسے جی او کا نام دیتے ہوئے فوری اثر کیساتھ تلنگانہ میں رات کے لاک ڈاؤن کے نفاذ کی جھوٹی اطلاع پھیلادی گئی جسکے باعث عوام میں تشویش اور پریشانی کی لہر دؤڑ گئی۔
جسے جی او ایم ایس 45 کا نام دیتے ہوئے باقاعدہ لکھا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں فوری عمل آوری کیساتھ یہ لاک ڈاؤن 30 اپریل تک نافذ رہے گا اور اس لاک ڈاؤن کے دؤران ریاست میں تمام تجارتی اور کاروباری ادارے شام 6 بجے سے 8 بجے صبح تک بند رہیں گے۔
اس وائرل کیے گئے جعلی لیٹر پر یکم اپریل 2021 ء کی تاریخ درج ہے ۔
چیف سیکریٹری ریاست تلنگانہ مسٹر سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ بتائے جانے والے اس فرضی لیٹر پر ان کی دستخط تک موجود نہیں ہے
#FakeNewsAlert || #Telangana government has not declared any lockdown from 6 pm to 8 am till April 30. @SomeshKumarIAS asks @TelanganaCOPs to look into this fake GO that is doing the rounds. Beware! Please be alert before circulating such #fakenews @timesofindia pic.twitter.com/CDMC7oQde2
— TOI Hyderabad (@TOIHyderabad) April 1, 2021
اس سلسلہ میں آج رات ٹائمز آف انڈیا ،حیدرآباد نے ایک ٹوئٹ کیا ہے کہ چیف سیکریٹری مسٹرسومیش کمار نے وضاحت کی ہے کہ سوشیل میڈیا پر وائرل کیا گیا جی او ایم ایس نمبر 45 نقلی اور جعلی ہے۔
عوام ایسی کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں ، ساتھ ہی چیف سیکریٹری ریاست تلنگانہ مسٹر سومیش کمارنے کہا ہے کہ ریاست میں اس طرح کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکومت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
اس سلسلہ میں چیف سیکریٹری ریاست تلنگانہ مسٹر سومیش کمارنے اس نقلی اور جعلی جی او نامی لیٹر کو سوشیل میڈیا پر پھیلانے والوں کا پتہ لگانے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت بھی دی ہے۔
ضرورت شدید ہے کہ خوف کے اس ماحول میں اکثر گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے ویڈیوس اور مواد کو بدنیتی کیساتھ بالخصوص وہاٹس ایپ پر وائرل کرنے والے ان غیر ذمہ دار، جہلاء اور غیر سماجی عناصر کی فوری شناخت کرتے ہوئے انہیں سخت سزائیں دی جائیں جو وقفہ وقفہ سے عوام کو جھوٹی اطلاعات کے ذریعہ ذہنی طور پر پریشان کرنے میں مصروف ہیں اور ایسے سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرنا سائبر سیل اور محکمہ پولیس کیلئے کوئی مشکل کام نہیں۔
چیف سیکریٹری کی جانب سے فوری وضاحت کے بعد اس معاملہ عوام ایسے کسی جعلی جی او پر یقین نہ کریں ، نہ پریشان ہوں اور نہ ہی اندیشات کا شکار ہوں۔