رکن اسمبلی تانڈور پر بوگس سرٹیفکیٹ کے ذریعہ گرائجویٹ ووٹ کا حق حاصل کرنے کا الزام

ریاستی خبریں

رکن اسمبلی تانڈور پر بوگس سرٹیفکیٹ کے ذریعہ گرائجویٹ ووٹ کا حق حاصل کرنے کا الزام

چیف الکٹورل آفیسر سے کانگریسی قائدین کی تحریری شکایت،کارروائی کا مطالبہ

حیدرآباد /تانڈور یکم ۔اپریل (سحر نیوزڈاٹ کام)
کانگریسی قائدین نے آج حیدرآباد میں چیف الکٹورل آفیسر مسٹر ششانک گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری شکایت حوالے کی اور مطالبہ کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


سینئرکانگریسی قائد، سابق رکن اسمبلی و صدر نشین انتخابی اسٹانڈنگ کمیٹی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مری ششی دھر ریڈی ، سیکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نرنجن ،صدر کانگریس ضلع وقارآباد وسابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی اور انچارج کانگریس حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔ رمیش پر مشتمل وفد نے آج چیف الکٹورل آفیسر مسٹر ششانک گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور گرائجویٹ نہیں ہیں اور انہوں نے جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعہ اپنا نام گرائجویٹ رائے دہندگان کی فہرست میں درج کرواکر گزشتہ ماہ منعقدہ گرائجویٹ حلقہ کے انتخابات کے موقع پر ووٹ ڈالا ہے۔

کانگریسی قائدین نے بعد ازاں کہا کہ انہوں نے رکن اسمبلی تانڈور کی تعلیمی اہلیت اور دیگر مصدقہ دستاویزات کیساتھ چیف الکٹوریل آفیسر مسٹر ششانک گوئل سے شکایت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ بعد تحقیقات رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں اسمبلی کی رکنیت سے برخاست کیا جائے۔اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ وہ اس مسئلہ پر ریاستی گورنر اور اسپیکر اسمبلی سے بھی شکایت کریں گے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ
ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ،محبوب نگر کیلئے 14 مارچ کو رائے دہی منعقد ہوئی تھی اور20 مارچ کو اس حلقہ کے نتیجہ کا اعلان کیا گیا جس میں ٹی آرایس امیدوار سرابھی وانی دیوی کامیاب ہوئیں۔
لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ انتخابات حلقہ اسمبلی تانڈور کیلئے نیک شگون ثابت نہیں ہوئے ہیں کیونکہ رائے دہی کے چند گھنٹوں بعد کانگریسی امیدوار حلقہ ایم ایل سی گرائجویٹ جی۔ چنا ریڈی کے علاوہ سی پی آئی، کانگریس اور ٹی جے ایس کے فلورلیڈران بلدیہ تانڈورنے صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل پر اس رائے دہی کے دؤران بوگس ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن ، کلکٹر ضلع وقارآبادپوسومی باسو کیساتھ ساتھ آرڈی او تانڈور اشوک کمار اور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور روی کمار سے تحریری شکایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ صدر نشین بلدیہ نے اپنی ایک اور سسرالی بہو کے ووٹ کااستعمال کیا ہے۔

جس کے بعد تحقیقات بھی انجام دی گئیں اور تین دن قبل صحافت کے ایک گوشہ میں یہ اطلاعات زور وشور سے جاری تھیں کہ ریاستی چیف الکٹوریل آفیسر ششانک گوئل نے ضلع کلکٹر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے صدر نشین بلدیہ تانڈور کیخلاف پولیس میں فوجداری مقدمہ درج کروانے کی ہدایت دی ہے تاہم سرکاری طورپر ایسا کوئی بیان اب تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔

صدر نشین بلدیہ تانڈور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کل 31 مارچ کو منعقدہ بلدیہ تانڈور کے بجٹ اجلاس کے بعد بھی اپوزیشن جماعتوں کے فلورلیڈران اور ارکان بلدیہ نے جم کر احتجاج کیا تھا اور ضلع کلکٹر سے بحث کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ فوری طورپر صدر نشین بلدیہ کو عہدہ سے معطل کردیا جائے۔جس پر ضلع کلکٹر کا جواب تھا کہ ” قانون اپنا کام کرے گا"!!
اسی دؤران 22 مارچ کو صدر کانگریس ضلع وقارآباد وسابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی نے دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کے باہر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی جب گرائجویٹ ہی نہیں ہیں تو پھر کس طرح انہوں نے 14 مارچ کی رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ ڈالا ؟۔

ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کے شکست خوردہ کانگریسی امیدوار جی۔ چنا ریڈی،انچارج کانگریس حلقہ اسمبلی تانڈور ایم ۔ رمیش اور دیگر کانگریسی قائدین کیساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر کانگریس ضلع وقارآباد ٹی۔ رام موہن ریڈی نے دستاویزات پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ہندوستان میں انٹر میڈیٹ کی تکمیل کے بعد پائلٹ کی تربیت حاصل کرنے کیلئے امریکہ گئے تھے اور انکے پاس گرائجویشن کی سند موجود نہیں ہے!!

(اس سے متعلق مکمل نیوز کی لنک نیچے موجود ہے) 

رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی نے پائلٹ کی ڈپلومہ سند پرگرائجویٹ کا بوگس ووٹ ڈالا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے